شیخ رشید کی سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات

رائیونڈ مارچ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ، حکومت کیخلاف پرزور تحریک چلانے پر اتفاق ، سربراہ عوامی مسلم لیگ نے ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام پہنچایا حکومت قوم کو لوٹ رہی ہے انکو بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان حکمرانوں کو قوم کے ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہو گا شیخ رشید

منگل 13 ستمبر 2016 08:57

اسلام آباد، نتھیا گلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کے درمیان نتھیا گلی میں ملاقات ہوئی جس میں شیخ رشید نے ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام عمران خان تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد مری کے علاقے نتھیا گلی میں چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کے پاس ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام لیکر پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں میں رائیونڈ مارچ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور حکومت کے خلاف کرپشن کے معاملے پر پر زور تحریک چلانے پر اتفاق ہوا جبکہ عید کے فوری بعد رائیونڈ مارچ کی باضابطہ تاریخ کے اعلان پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حکومت قوم کو لوٹ رہی ہے انکو بھاگنے نہیں دیں گے اور عید کے بعد پرزور تحریک چلائی جائے گی۔ سربراہ عوامی تحریک شیخ رشید نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کو کسی صورت جان چھڑانے نہیں دیں گے قوم کے ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہو گا۔