عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائے، پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کی قتل و غارت کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے، تہمینہ جنجوعہ

اتوار 18 ستمبر 2016 13:15

جنیوا( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18ستمبر۔2016ء ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی نائب مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ عوام کی قتل و غارت کا سلسلہ بند کرائے اور وادی میں ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان کی نائب مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ عوام کا قیمتی خون بہا رہا ہے، عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کی قتل و غارت کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے اور کشمیر میں ہونے والے ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شفاف اور آزادنہ تحقیقات کرائی جائیں۔

(جاری ہے)

تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 60 برس سے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں جبکہ بھارتی قابض فوجیوں نے 1989 سے لے کر اب تک 1 لاکھ سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو دہشت گردی قرار دیتا ہے اور خود اپنی ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لئے تمام ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔

اس سے پہلے سرکاری نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ ، عالمی برادری اور تمام انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے کشمیری عوام کی آواز کو بلند کیا ہے۔ جبکہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے خلاف بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اور موجودہ حالات سے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ اوراس حوالے سے پاکستان کی جانب سے اپنے خصوصی نمائندے اویس احمد خان لغاری کو بھی جنیوا بھیجا گیا تھا تاکہ وہ دنیا کی اہم شخصیات سے مل کر کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :