مقبو ضہ کشمیر ، بارہ مولہ میں بھا رتی فوجی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ،17 اہلکار ہلاک،متعدد زخمی

مسلح افراد انڈین فوج کی 12 ویں بریگیڈ ہیڈکوارٹرز میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کا تبادلہ، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دورہ امریکا اور روس ملتوی کردیا ، ہنگامی اجلاس طلب،فوج کے خصوصی دستے اوڑیپہنچ گئے ،لائن آف کنٹرول کی طرف جانے والی سڑکوں کی سیکیورٹی سخت

پیر 19 ستمبر 2016 11:05

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء) مقبو ضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں قائم انڈین فوجی مرکز پر مسلح افراد کے حملے میں17بھارتی فوجی ہلاک اور متعددزخمی زخمی ہوگئے۔انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو علی الصبح 5 بجکر 30 منٹ پر نامعلوم تعداد میں مسلح افراد انڈین فوج کی 12 ویں بریگیڈ ہیڈکوارٹرز میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی۔

یہ فوجی مرکز لائن آف کنٹرول کے قریب ہے جہاں سرحدی تنازع کی وجہ سے پہلے ہی سیکیورٹی بہت زیادہ سخت ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں اور ہندوستانی فورسز کے درمیان فوجی مرکز کے اندر فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا جبکہ دھماکوں کی بھی آواز یں سنائی دیتی رہیں ۔ فوجی ہیڈ کواٹرز کے اندر سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ، کئی بارکوں میں بھی آگ لگ گئی ، حملے میں متعدد بھارتی فوجی زخمی ہوئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 4 تھی جن پر قابو پانے کیلئے مزید نفری طلب کی گئی ، جوابی کاروائی میں حملہ آ ور مارے گئے ۔ ہیلی کاپٹر کی مدد سے بھی علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ادھرہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہیں اپنا دورہ امریکا اور روس ملتوی کردیا جبکہ ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا۔جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ جموں و کشمیر پولیس اور بھا رتی میڈیا نے حملے میں17اہلکاروں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔

حملے کے بعد فوج کے خصوصی دستوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اوڑی میں اتارا گیا جبکہ اوڑی اور لائن آف کنٹرول کی طرف جانے والی سڑکوں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔