اظہار الحق کی رہائی ایم کیو ایم کی طرف سے استعفوں کی دھمکی کا نتیجہ تھی

اظہار الحق کو فوری رہا نہ کیا تو ایم کیو ایم سندھ اسمبلی ، سینٹ اور قومی اسمبلی سے بیک وقت استعفے دے دے گی، ایم کیو ایم قیادت کا وزیراعظم و آصف علی زرداری کو پیغام

منگل 20 ستمبر 2016 11:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2016ء)سندھ حکومت میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحق کی رہائی ایم کیو ایم کی طرف سے استعفوں کی دھمکی کا نتیجہ تھی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے جب خواجہ اظہار الحق کو خود جا کر ہتھکڑی لگائی اور بکتر بند گاڑی میں بٹھایا تو ایم کیو ایم کی پاکستانی قیادت نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو اعلیٰ سطحی رابطے کے ذریعے پیغام دیا کہ اگر خواجہ اظہار الحق کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو ایم کیو ایم سندھ اسمبلی ، سینٹ اور قومی اسمبلی سے بیک وقت استعفے دے دے گی۔

ایم کیو ایم کی اس دھمکی پر وزیراعظم میاں نواز شریف اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے باہمی مشاورت کے بعد نہ صرف خواجہ اظہار الحق کو رہا کیا بلکہ ہتھکڑی لگانے والے ایس ایس پی راؤ انوار کو معطل بھی کر دیا گیا۔ درحقیقت وزیراعظم نے امریکہ روانگی سے قبل اس سیاسی بحران کو فوری طور پر حل کیا کیونکہ وہ امریکہ میں قیام کے دوران پاکستان کشیدہ سیاسی ماحول کے حق میں نہیں تھے۔