وزیرخزانہ کی ایف بی آر کو ٹیکس چور مافیا کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

غیر ملکی شراب فروختکرکے قومی خزانے کو80کروڑ ٹیکس ادا نہ کر نیوالی کمپنی سن ڈپلومیٹک بانڈڈ ویئرہاؤس سے پائی پائی وصول کی جائے ،اسحاق ڈار وزیرخزانہ کا کمپنی کے لائسنس کی منسوخی سے متعلق معاملہ التواء کا شکار کرنیوالے کسٹمز اہلکاروں کے خلاف بھی سخت انضباطی کارروائی کا حکم

جمعرات 22 ستمبر 2016 09:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2016ء)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ٹیکس چور مافیا کیخلاف سخت کارروائی کیلئے ایف بی آر کو ہدایات جاری کردیں۔غیر ملکی شراب کی فروخت میں قومی خزانے کو80کروڑ روپے ٹیکس ادا نہ کرنیوالی کمپنی سن ڈپلومیٹک بانڈڈ ویئرہاؤس سے بھی پائی پائی وصول کرنے کی ہدایات اور کمپنی کا لائسنس منسوخی متعلق معاملہ التواء کا شکار کرنیوالے کسٹمز اہلکاروں کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کا حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو حکم دیا ہے کہ ٹیکس چوری کرنیوالی کمپنیوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن شروع کردیا جائے اور جن کمپنیوں نے ٹیکس چوری کی مد میں اربوں روپے قوم کے دبا رکھے ہیں انہیں فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے یہ احکامات اس وقت صادر کئے جب انہیں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شراب کی فروخت کا کاروبار کرنے والی کمپنی سن بانڈڈ ویئر ہاؤس نے ٹیکس کی عدم ادائیگی کی مد میں80کروڑ روپے دبا رکھے ہیں۔

اس پر وزیرخزانہ نے ٹیکس چوروں کیخلاف بلاامتیاز اور فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ذرائع کے مطابق سن بانڈڈ ویئر ہاؤس کے خلاف کلیکٹرکسٹمز ڈاکٹر ارسلان نے لائسنس منسوخی سے متعلق شوکاز نوٹس نے سماعت مکمل کرلی ہے لیکن محکمہ کسٹمز کے چھوٹے اہلکار سن بانڈڈ ویئر ہاؤس کے مالکان سے ملی بھگت کرکے اس معاملے کو طول دے رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے اس حوالے سے بھی ہدایات دی ہیں ادارے میں اگر کوئی کالی بھیڑ ٹیکس چور کی پشت پناہی کر رہی ہے تو اس کیخلاف بھی فوری کارروائی کی جائے۔

کیونکہ ٹیکس چوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس پر ایکشن لیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سن بانڈڈ ویئرہاؤس کی لائسنس منسوخی سے متعلق احکامات صادر کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ کمپنی کے تمام معاملات کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔مذکورہ کمپنی کا لائسنس اس کے ماسٹر مائنڈ عامر ملک نے اپنے دو فرنٹ مینوں کو قادیانی ظاہر کرکے لیا ہواتھا۔اس سلسلے میں کسٹمز حکام نے ایک مقدمہ بھی درج کر رکھا ہے اور اس حوالے سے بھی کمپنی کے اکاؤنٹس اور دیگر معاملات کسی چھان بین جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :