وزیراعظم محمد نواز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات

وزیراعظم نے عالمی ادارہ کے سربراہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکت کے ثبوت دیئے اور انہیں ریاستی مظالم و بربریت کے شکار بے گناہ لوگوں کی تصویریں دکھائیں بان کی مون نے دنیا میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے اہم اور متحرک کردار کی تعریف کی

جمعرات 22 ستمبر 2016 09:29

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے نیویارک میں ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا اور عالمی ادارہ کے سربراہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکت کے ثبوت دیئے جبکہ انہیں ریاستی دہشتگردی کے شکار بے گناہ اور نہتے لوگوں کی تصویریں دکھائیں۔

بان کی مون نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گنز کے استعمال والی ظلم و بربریت کی تصویریں دیکھ کر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے بان کی مون کے بیان پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ 74دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں 100 افراد کی شہادت اور ان پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے آگاہ کیا جس کے باعث سینکڑوں افراد نابینا ہو گئے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہزاروں زخمی افراد کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پیلٹ گنز کے ناجائز استعمال سے سینکڑوں خواتین اور بچے بینائی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ پیلٹ گنز کا استعمال غیر انسانی اور کھلی بربریت ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریوں، زخمیوں کے علاج معالجہ سے انکار خاص طور پر بینائی سے متاثرہ اور پیلٹ گنز فائرنگ کے شکار افراد کا علاج نہ کروانے کی بھارتی روش بارے بتایا۔

وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطوط میں سلامتی کونسل کے پانچ رکن ممالک کی قیادت، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی توجہ کشمیر کی صورتحال پر مبذول کروائی ہے۔ انہوں نے بان کی مون سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت اموات کی تحقیقات کرائی جائیں اور اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کی تحقیقات کرے۔

ملاقات کے دوران بان کی مون کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت بھی دیئے گئے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔ سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے اہم اور متحرک کردار کی تعریف کی اور دنیا میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔