پاکستان کو پوری دنیا میں تنہا کرد ینگے ،مودی کی دھمکی

پاکستان کے ساتھ غربت اور بیروز گاری کے خاتمے کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں ،آئیں دیکھیں اس میں کون جیتتا ہے اڑی حملے میں ہلاک ہونیوالے اپنے فوجیوں کا خون رائیگاں جانے دینگے نہ دہشتگردوں کے سامنے سر جھکائینگے بھارت سافٹ وئیر ایکسپورٹ کرتا ہے اور پاکستان دہشت گردی،وقت آئے گا پاکستان کے عوام اپنی حکومت کیخلاف دہشت گردی سے لڑنے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ،بھارتی وزیر اعظم کا کیرالہ میں خطاب

اتوار 25 ستمبر 2016 11:58

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2016ء)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ پاکستان کو پوری دنیا میں تنہا کرد ینگے ،اڑی حملے میں ہلاک ہونیوالے اپنے فوجیوں کا خون رائیگاں جانے دینگے نہ دہشتگردوں کے سامنے سر جھکائینگے۔ پاکستان کے ساتھ غربت اور بیروز گاری کے خاتمے کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں ،آئیں دیکھیں اس میں کون جیتتا ہے، بھارت سافٹ وئیر ایکسپورٹ کرتا ہے اور پاکستان دہشت گردی،وقت آئے گا پاکستان کے عوام اپنی حکومت کیخلاف دہشت گردی سے لڑنے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ۔

بھارتی وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار ریاست کیرالہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ہم اڑی میں اپنے 18فوجیوں کے ہلاکت کو نہیں بھولیں گے ، اپنے فوجیوں کے خون کو ہم رائیگان نہیں ہونے دینگے اور نہ دہشتگردوں کے سامنے سر جھکائینگے، واقعہ کے بعد پورے بھارت میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو بتا دینا چاہتے ہیں دنیا میں اسے مکمل طور پر تنہا کر دینگے، انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے لڑائی لڑنے کیلئے تیار ہے، ہم غربت اور جہالت کے خلاف لڑ رہے ہیں، جنگ کرنی ہے تو غربت اور جہالت کے خاتمے کی جنگ لڑیں ، ہمارے ساتھ غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کر و پھر آؤ دیکھتے ہیں کون غربت کے خاتمے کی جنگ جیتتاہے ۔

بھارتی وزیر اعظم نے ایک بار پھر پاکستان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا مرکز ہے اور دنیا میں دہشت گردی ایکسپورٹ کرتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایشیاء میں ہر ایک ملک عالمی معیشت کی بہتری کیلئے کردار اداررہاہے تاہم ایک ملک ایسا ہے جو خطے میں ہر ایک ملک کو خون میں نہلا دینے کی کوشش کررہا ہے ۔یہ دہشت گردی کو اپنی انتہائی سطح پر لے جارہا ہے اور خطے کے امن و استحکام کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتاہے ۔

انکا کہنا تھا پاکستان دہشت گردی کو ایکسپورٹ کررہا ہے اور بھارت سافٹ وئیر ۔انہوں نے کہا بھارتی افواج نے بہادری سے بھارتی سرزمین میں مداخلت اور دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنے کی کسی بھی قسم کی کوششوں کو ناکام بنادیا ہے ،ایک واقعہ میں ہمارے 18جوان ہلا ک ہوئے ہیں اگر دراندازی کی 17کوششیں کامیاب ہوجاتیں تو کیا صورتحال ہوتی ۔ مودی کا کہناتھا کہ وہ وقت آئے گا جب پاکستانی عوام اپنی حکومت کیخلاف دہشت گردی سے لڑنے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ۔

میں پاکستانی عوام کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ 1947ء سے قبل آپ ہندوستان کو اپنی سرزمین سمجھتے تھے ۔پاکستانی عوام اپنے حکمرانوں سے سوال کریں کہ آپ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو نہیں سنبھال سکے ،وہ اپنے ملک کو نہیں سنبھال سکے جو آج بنگلہ دیش ہے،گلگت ،بلوچشتان کو نہیں سنبھال سکے ،آپکے حکمران کشمیر پر آپ کو گمراہ کررہے ہیں ۔