نریندر مودی کا پاکستان کو تنہا کرنے کا بیان احمقانہ ہے،بھارتی میڈیا

پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن امریکہ اور دیگر اتحادیوں کیلئے اہمیت کی حامل ہے عالمی طاقتیں پاکستان کو کبھی تنہا نہیں کرنے دیں گی،پاکستان کو او آئی سی کی حمایت بھی حاصل ہے،بھارتی میڈیا نے نریندر مودی کا بیان مسترد کردیا

اتوار 25 ستمبر 2016 12:02

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2016ء)بھارتی میڈیا نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو عالمی دنیا میں تنہا کرنے کی دھمکی پر کہا ہے کہ عالمی طاقتیں پاکستان کو کبھی تنہا نہیں کرنے دیں گی،پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے عالمی طاقتوں کا اتحادی ہے اسے تنہا کرنا آسان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو دنیا کی سطح پر تنہا کرنے سے متعلق بیان کو بھارتی میڈیا نے یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے،ایک اعتبار سے پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن امریکہ اور دیگر اتحادیوں کیلئے ماضی اور موجودہ وقت میں اہمیت کی حامل رہی ہے۔

پاکستان امریکہ،برطانیہ اور چین کا اہم اتحادی ہے جب کہ روس کے ساتھ اسکے قریبی روابط پیدا ہورہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کو اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کی حمایت بھی حاصل ہے،او آئی سی کے ممالک کے پاسکتان کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعلقات ہیں،خاص کر سعودی عرب اور چند ایک عرب ممالک مشکل حالات میں پاکستان سے بھرپور تعاون کرتے رہے ہیں۔اس لئے نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کا بیان احمقانہ ہے