بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں

بالی ووڈ کے نامور فلم ساز وکرم بھٹ ار ہنسل مہتا ہندو انتہا پسندوں پر برس پڑے پاکستان کے مسئلے میں فنکاروں کو نہیں گھسیٹنا چاہیے اس سے بھارت کا ہی موٴقف کمزور ہوگا ، فلم ساز

اتوار 25 ستمبر 2016 12:06

ممبئی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2016ء ) بالی ووڈ کے نامور فلم ساز وکرم بھٹ اورہنسل مہتا نے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں دینے پر ہندو انتہا پسندوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔گزشتہ دنوں بھارت میں انتہاپسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے اور ان کی فلموں کی نمائش روکنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں جس کے بعد فلم سازوں میں بے چینی پھیل گئی تھی جب کہ کئی اداکاروں کی جانب سے انتہاپسندوں کے مطالبے کی حمایت کی جارہی تھی جس میں متعصب گلوکارابھیجیت بھٹا چاریہ اور کامیڈین راجو سری واستو بھی شامل ہیں لیکن اب فلم نگری میں سے پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔

بالی ووڈ کے نامور ہدایتکاروں ہنسل مہتا اور وکرم بھٹ نے انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیوں کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جب کہ ڈائریکٹر ہنسل مہتا کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ انتہا پسند تنظیم کو اگلی مرکزی حکومت دینی چاہیے کیوں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کامسئلہ حل کرلیا ہے تاہم فنکار ہی ہیں جو حملوں کے لیے اکساتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہدایتکار وکرم بھٹ کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے مسئلے میں فنکاروں کو نہیں گھسیٹنا چاہیے اس سے بھارت کا ہی موٴقف کمزور ہوگا جب کہ ایک فلمی پنڈت اور صحافی مایانک شیکھر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں کو کام کرنے کی اجازت دی ہے تو کسی سیاسی جماعت کو فنکاروں کے درمیان خوف نہیں پھیلانا چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹراڑی پر حملے میں 17 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد بھارتی انتہا پسندجماعت نے پاکستانی فنکاروں کوبھارت چھوڑنے کی دھمکی دے تھی

متعلقہ عنوان :