بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہا ہے :دفتر خارجہ

بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں کارروائیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں جنہیں روکنے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے :ترجمان

پیر 26 ستمبر 2016 10:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اورمعاونت کر رہا ہے اور اس کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کے گرفتار ایجنٹ کلبھوشن یادو کا اعترافی بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارت دنیا کی توجہ کشمیرمیں قابض افواج سے ہٹانا چاہتا ہے۔ پاکستان میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کا ذمہ دار بھارت ہے ، دفتر خارجہ کی سے جا ری بیا ن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کر دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی اورمعاونت کر رہا ہے جس کا ثبوت کلبھوشن کے اعترافی بیانات ہیں ، انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف بیانات قابل مذمت ہیں ، وہ دنیا کی توجہ کشمیر میں قابض افواج سے ہٹانا چاہتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیری رہنما برہان وانی کا ماورائے عدالت قتل کیا ، مقبوضہ وادی میں گزشتہ 75 روز میں 108 افراد کو شہید کیا گیا ، بھارتی فوج کی کارروائیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں جنہیں بند کرنے کیلئے عالمی برداری اپنا کردار ادا کرے۔ جب کہ بھارتی قیادت کے پاکستان کے خلاف الزامات بے بنیاد اور قابل مذمت ہیں۔