نوازشریف سے اختلافات کرپشن پر ہیں،خارجہ پالیسی پر ہم سب ایک ہیں،عمران خان

مودی ایک طرف تجارت کے فروغ اور دوسری طرف پاکستان کو تنہا کرنا چاہتے ہیں ،پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، میڈیا سے گفتگو بلاول بھٹو کو نیا پاکستان بنانے کے لئے باہر نکلنے کا مشورہ بھی دیا تحریک انصاف کا رائے ونڈ مارچ سے قبل کراچی میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

پیر 26 ستمبر 2016 10:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر۔2016ء) تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ مودی ایک طرف تجارت کو فروغ دینے کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف پاکستان کو اکیلا کرنا چاہتے ہیں ، نوازشریف سے اختلافات کرپشن پر ہیں،خارجہ پالیسی پر ہم سب ایک ہیں۔انہوں نے بلاول بھٹو کو نیا پاکستان بنانے کے لئے باہر نکلنے کا مشورہ بھی دیا ۔

اتوار کو کراچی میں میڈیا سے گفتگومیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے مودی نے جو راستہ اپنایا وہ ٹھیک نہیں ہے، وہ پاکستان کو تنہا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کو واضح پیغا م دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔عمران خان نے کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کشمیریوں پر ظلم وستم کرکے ان کی آواز دبانا چاہتا ہے لیکن کشمیریوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ کا نیا پاکستان کے حوالے سے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو بھی نیا پاکستان بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے پاناما لیکس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پانامالیکس کا معاملہ ملکی ادارے ٹھیک کرنے کا معاملہ ہے،اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا ہم دھرنے اس لیے کررہے ہیں کہ ملک میں ادارے کمزور ہوچکے ہیں ادارے انصاف فراہم نہیں کررہے۔

عمران خان کا کہنا تھا جب ملک کا وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے تو دوسرے کرپٹ لوگوں کو بچاتا ہے اور یہی وجہ کہ کوئی کرپٹ آدمی پکڑا نہیں جاتا،کرپٹ وزیراعظم اپنی کرپشن کو چھپانے کے لیے اداروں کو کمزور کرتا ہے جب ادارے تباہ ہوں گے تو کرپشن کیسے ختم ہو گی۔ بلاول بھٹو سے لے کر تمام سیاست دانوں کو ملک بچانے کے لئے آگے آنا چاہیے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی سیاسی تحریکیں کراچی سے اٹھی ہیں ، اب ڈر کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا پارٹی ڈھانچا نہیں تھا اور ہم اب ایک مضبوط پارٹی بن کر سامنے آئیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے رائے ونڈ مارچ سے قبل کراچی میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ اتوار کے روز عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں جنونیوں کی روایتی دھکم پیل بھی دیکھنے کو ملی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ان دنوں کراچی کے نجی دورے پر ہیں لیکن یہ دورہ بھی فی الحقیقت رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں میں ہی گزر رہا ہے۔

عمران خان نے نجی ہوٹل میں کراچی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں رائے ونڈ مارچ کے لئے کراچی میں بھی ضلعی سطح پر ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان میں روایتی بدنظمی نظر آئی جو بڑھتے بڑھتے تکرار میں بدل گئی۔ مقامی رہنماء بیچ بچاؤ کراتے رہے۔اس سے قبل عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے ڈونرز کے ساتھ برنچ بھی کیا جس میں پرتکلف ناشتے سے ان کی تواضع کی گئی