صرف دو ماہ کے دوران کشمیری ماؤں نے سو سے زائد بیٹے اور بیٹیوں کے جنازے اٹھائے، سینکڑوں نہتے کشمیریوں کی بینائی چھین لی گئی،کئی افراد مستقل معذور کردیئے گئے،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بنیادی حق کو ہی تسلیم نہ کیا گیا تو ان کے دیگر حقوق بھی سلب ہوجائیں گے،اقوام متحدہ کے جنیوا آفس میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب

منگل 27 ستمبر 2016 10:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27ستمبر۔2016ء) اقوام متحدہ کے جنیوا آفس میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کے مظالم کا شکار ہیں اور انہیں شہید کیا جارہا ہے۔تہمینہ جنجوعہ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے معصوم کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہیں تاکہ انہیں اپنے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد سے روکا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جب کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بنیادی حق کو ہی تسلیم نہ کیا جائے تو ان کے دیگر حقوق بھی سلب ہوجائیں گے۔ انہوں نے بھارت کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں خراب صورتحال کی وجہ دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ صرف گزشتہ دو ماہ کے دوران کشمیری ماؤں نے سو سے زائد بیٹے اور بیٹیوں کے جنازے اٹھائے ہیں جبکہ مزید سینکڑوں نہتے کشمیریوں کی بینائی چھین لی گئی ہے اور دیگر کئی افراد مستقل معذور کردیئے گئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے بڑے حصہ میں کرفیو کے بعد کشمیریوں کو بنیادی ضروریات سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے انسانی حقوق کونسل پر واضح کیا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے پرامن طور پر اکٹھے ہونے تنظیم سازی مذہبی اور اظہار رائے کی آزادی کا بھی حق نہیں ہے البتہ بلاجواز نظربندیوں جبری اغواء ماورائے عدالت قتل اور تشدد کیا جارہا ہے اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں یہ سب کچھ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کا کشمیریوں کو روز سامنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم تو مختلف ہوسکتے ہیں تاہم بھارتی مسلح افواج کی بربریت میں کوئی کمی نہیں ہوسکتی۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ بھارت کو تسلیم کرلینا چاہئے کہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کا حل صرف اور صرف غیر جانبدارانہ استصواب رائے ہے جس کا وعدہ کشمیریوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں بھی کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :