پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت اب بہت مضبوط ہیں، ایرانی سفیر

بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ایران پر غلط الزام لگا تھا، نیشنل پریس کلب میں ایرنا کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 28 ستمبر 2016 10:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2016ء)پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت اب بہت مضبوط ہیں، بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ایران پر غلط الزام لگا تھا،بھارت کو کہتے ہیں کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے۔ نیشنل پریس کلب میں ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آئی ٹی، توانائی اور دیگر اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔

ایرانی گیس سے پاکستان کی صنعتوں کی صورتحال بہتر ہو گی اور بجلی کی فراہمی سے توانائی کے بحران کے خاتمے میں مدد ملی گی اور ملک میں خوشحالی ہو گی، انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات اب پہلے کی نسبت اچھے ہیں، تعلقات وقت کیساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا چاہئے، بھارت کو کہتے ہیں کہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی را کے ایجنٹ کلبھوش یادیو کے معاملے پر ایران بدنما دھبہ لگا تھا، تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں ایران کی کوئی مداخلت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی سرحد سے داخل ہونے والے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ جن کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ اس موقع پر قائم مقام صدر این پی سی نوید اکبر، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلون اور ایرنا کے بیورو چیف محمد رضا منافی نے بھی خطاب کیا۔ محمد رضا منافی نے ایرنا کی اردو سروس کے قیام اور اس کی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیشنل پریس کلب کی طرف سے ایرانی سفیر کو اعزازی رکنیت دینے کا بھی اعلان کیا گیا جس پر سفیر نے نیشنل پریس کلب سے تشکر کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :