وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا کشمیریوں پر جبر و تشدد کسی صورت برداشت نہیں، میاں نواز شریف کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالنا چاہئے،پاکستانی جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، وزیراعظم ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اجلاس کے شرکاء کو دفاعی تیاریوں سے متعلق بریفنگ بھی دی

جمعرات 29 ستمبر 2016 10:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر جبر و تشدد کسی صورت برداشت نہیں کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالنا چاہئے، پاکستانی جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، بدھ کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالیوں اور طاقت کے بہمانہ استعمال پر شدید اور گیری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کی بھرپور مذمت کی گئی، شرکاء نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاکستان کے عوام اور فوج ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، شرکاء نے مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی اور بے پناہ دھمکیوں کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہر کیا، پاکستان نے عالمی امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، کشمیر میں ظلم و بربریت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عالمی برادری اور پاکستان کی حمایت کے مستحق ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں دونوں ملکوں کی باہمی رضا مندی اور عالمی بینک کی ثالثی میں ہوا کوئی بھی ایک ملک یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا، ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اجلاس کے شرکاء کو دفاعی تیاریوں سے متعلق بریفنگ بھی دی، اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ڈی جی ملٹری آپریشنز مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔