نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ، روشن خوشحال اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے ، جنرل راحیل شریف

کوئی شک نہیں پاکستان کی آئندہ نسل اس ملک کو اپنی محنت لگن اور جذبے کے ساتھ اوج کمال تک لے جائیگی، آرمی چیف آرمی پبلک سکولز اینڈ کالج سسٹم کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ میں اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعرات 29 ستمبر 2016 10:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2016ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آرمی پبلک سکولز اینڈ کالج سسٹم کے میٹرک اور انٹر میڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ میں اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈز تقسیم کئے ۔ اس سلسلہ میں جی ایچ کیو آڈیٹوریم میں بدھ کو تقریب کا انعقاد ہوا ۔ آرمی چیف نے کامیاب طلبہ اور انکے والدین اور اساتذہ کو شاندار نتائج پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج سسٹم ایک نمایاں تعلیمی نیٹ ورک ہے جو ملک بھر میں 183 تعلیمی اداروں میں تقریباً دو لاکھ طلبہ میں معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے اور یہ نوجوان نسل ایک روشن خوشحال اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی آئندہ نسل اس ملک کو اپنی محنت لگن اور جذبے کے ساتھ بلندی تک لے جائیگی ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو طلبہ کی شخصیت سازی پر بھر پور توجہ دینی چاہئے تاکہ انکی متناسب شخصیت کی تعمیر ہو سکے ۔ تقریب میں طلبہ والدین اور آرمی پبلک سکول کے اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔