’سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے بعد ممبئی اسٹاک کریش‘

بی ایس ای سینسیکس 27 ہزار 740 پوائنٹس تک گرگیا

جمعہ 30 ستمبر 2016 11:12

ممبئی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2016ء ) کنٹرول لائن پر ہندوستان کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے بعد انڈین اسٹاک مارکیٹ 500 پوائنٹس تک کریش کرگئی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی 500 پوائنٹس تک کی کمی دیکھی گئی۔ممبئی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز 9 بجکر 15 منٹ پر 28ہزار 452پوائنٹس پر ہوا جب کہ 12 بجے کے قریب جب ہندوستان کی جانب سے کنٹرول لائن پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے پر مبنی خبریں سامنے آناشروع ہوئیں تو ممبئی اسٹاک ایکسچینج بی ایس ای سینسیکس 27 ہزار 740 پوائنٹس تک گرگیا۔

تاہم دوپہر دو بجے تک بی ایس ای میں دوبارہ تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس 27 ہزار 902 پوائں ٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔علاوہ ازیں ہندوستان کی جانب سے کنڑول لائن پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کا اثر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر بھی دیکھنے میں آیا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایکس میں کاروبار کا آغاز 9 بج کر 16 منٹ پر 4 ہزار 355 پوائنٹس پر ہوا اور 12 بجے سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں انتہائی تیزی کا رجحان تھا اور انڈیکس 11 بجکر 50 منٹ پرتقریباً 500 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 842 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان جاری رہا اور ایک بجکر 45 منٹ تک انڈیکس 40 ہزار 274 پوائنٹس پر آچکاتھا۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کے ہندوستانی دعوے کو یکسر مسترد کردیا گیا اور کہا گیا کہ ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبھر، کیل، تتاپانی اور لیپا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر رات ڈھائی سے صبح 8 بجے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیکس کا رنگ دینا ایک دھوکہ ہے۔

متعلقہ عنوان :