اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پاک بحریہ پوری قوت سے جوابی کاروائی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،چیف آف دی نیول اسٹاف کا کریکس ایریاز کا دورہ

اتوار 2 اکتوبر 2016 12:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2016ء )چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کریکس ایریاز میں پاک بحریہ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل وسیم اکرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔پاک بحریہ کے سربراہ نے کریکس ایریاز میں قائم کردہ بحریہ کی چوکیوں کا دورہ کیا اوروہاں تعینات جوانوں اور افسران کی آپریشنل کارکردگی اور تیاری کا مشاہدہ کیا۔

پاک بحریہ کے جوانوں سے بات چیت کے دوران ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ملک کی سمندری سرحدوں کے تحفظ کی خاطر ان کے جذبے اور عزم کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ وہ اس اعتماد اور توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں جس کا اظہار ان کی قوم اپنے محافظوں کے لئے کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ امن کے لئے ہماری خواہش کو ہماری کمزوری نہ گردانا جائے اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پاک بحریہ پوری قوت سے جوابی کاروائی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

قبل ازیں پاک بحریہ کے سربراہ نے فلیٹ ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے انہیں سمندری حدود کی کڑی نگرانی کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور آپریشنل معاملات پر بھی بریفنگ دی گئی۔