ایران اور سعودی عرب نے اقتصادی راہداری منصوبے میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے : احسن اقبال

اتوار 2 اکتوبر 2016 12:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2016ء ) ایران اور سعودی عرب نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شرکت کیلئے دلچسپی کا اظہار کر دیا ، اس بات کا انکشاف وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور سعودی عرب نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شرکت کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے اور اگر یہ دونوں اسلامی ممالک اس اہم منصوبے کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو پاکستان اس فیصلے کا خیر مقدم کریگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس حوالے سے کسی بھی دوست ملک کی جانب سے شراکت کے فیصلے کی حوصلہ افزائی کریگا کیونکہ اس منصوبے کے تحت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کیساتھ تعاون بڑھنے سے خطے کے تین ارب لوگوں کو فائدہ ملے گا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی ، گوادر بندرگاہ ، بجلی اور صنعتی تعاون پر مشتمل یہ منصوبہ پندہ سال پر محیط ہے جو 2030ء میں مکمل ہو گا۔

پاک چین راہداری منصوبوں کو بہترین اور شفاف قرار دیتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کے تحت حکومت بلاواسطہ کوئی ٹرانزیکشن نہیں کر سکے گی جبکہ 35ارب ڈالر روپے پرائیویٹ سیکٹر سرمایہ کاری کے طور پر انرجی سیکٹر میں خرچ کیے جائیں گے جبکہ چینی کمپنیاں 11ارب ڈالر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کریں گی۔منصوبے کے مغربی روٹ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حصے میں کام تیزی سے جاری ہے جو 2018کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا تاہم گوادر کوئٹہ سیکشن کا 650کلو میٹر حصہ دسمبر 2016ء تک مکمل ہو جائے گا کیونکہ اس روٹ سے نہ صرف گوادر کو کوئٹہ سے ملایا جائے گا بلکہ افغانستان سے بھی رابطہ ممکن ہو سکے گا۔