ہم نے رابطہ کمیٹی کی تعداد میں اضافہ کیا ہے ، کنوینئر بنا کر مجھ پر اعتماد کیا گیا ہے ، ہم متحدہ بانی سے اعلان لاتعلقی پر قائم ہیں ، پارٹی میں احتساب کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، پاکستان میں اگر کوئی ایم کیو ایم رجسٹرڈ ہے تو وہ ہم ہیں،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 2 اکتوبر 2016 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے رابطہ کمیٹی کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور مجھے کنوینئر بنا کر مجھ پر اعتماد کیا گیا ہے ، ہم متحدہ بانی سے اعلان لاتعلقی پر قائم ہیں ، پارٹی میں احتساب کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، پاکستان میں اگر کوئی ایم کیو ایم رجسٹرڈ ہے تو وہ ہم ہیں ۔

وہ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے رابطہ کمیٹی کی تعداد میں اضافہ کیا ہے ، پارٹی نے مجھے رابطہ کمیٹی پاکستان کا کنوینئر بنا دیا ہے اور میری جگہ عامر خان کو سینئر ڈپٹی کنوینئر بنا دیا گیا ہے ، اسی طرح خالد مقبول صدیقی کو ڈپٹی کنوینئر، کشور زہرہ کو رابطہ کمیٹی کا رکن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، عبدالوسیم اور فیصل سبزواری کو بھی رابطہ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ، ہم نے متحدہ قومی موومنٹ میں ریسرچ اینڈ ایڈوائزری سیل کو بحال کیا، صدر امام رضوی ، جاوید میر اور مومن خان سیل کا حصہ ہوں گے ، فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے رائیونڈ میں اچھا شو کیا اور عمران خان کو کامیاب شر پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ نے ملازمتوں سے پابندی اٹھانے کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کا احتساب شروع ہو گیا ہے اب جو بھی تنظیمی نظم وضبط کی خلاف ورزی کرے تو کاروائی ہوگی ، احتساب کے فیصلے کے بعد اشرف نور اور اکرم راجپوت کو بدعنوانی پر رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے فارغ کیا ہے، پاکستان میں اگر کوئی ایم کیو ایم رجسٹرڈ ہے تو وہ ہم ہیں ، ہماری پارٹی سے متعلق اب کوئی کنفیوژن نہیں رہنی چاہیے۔ فاروق ستار نے کہا کہ اب لندن سے کوئی بھی بیان آئے ہم لاتعلقی پر قائم ہیں ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف طرح کی مجرمانہ سرگرمیاں جاری ہیں ۔ ہم نے ان سرگرمیوں سے سب کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ان سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنا چاہیے ، سرجانی ، بلدیہ ، کورنگی اور قصبہ کالونی میں چائنہ کٹنگ ہو رہی ہے ۔