وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمانی جاعتوں کا اجلاس آج ہوگا

بلاول بھٹو زرداری ، شاہ محمود قریشی ، چودھری شجاعت،سراج الحق ،مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماء شرکت کرینگے

پیر 3 اکتوبر 2016 10:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2016ء)وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوٴں کا اجلاس آج (پیر کو) ہوگا، اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، تحریک انصاف سے شاہ محمود قریشی ، مسلم لیگ (ق) سے چودھری شجاعت حسین اور دیگر رہنماء شرکت کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوٴں کا اجلاس آج پیر کے روز طلب کیا ہے ، اجلاس میں تمام جماعتوں کو ایل او سی پر ہونے والی بھارتی جارحیت سے متعلق آگاہ کیا جائے گا جبکہ مسلح افواج کی جوابی کارروائی پر بریفنگ دی جائے گی، اور تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین ملک کی موجودہ صورتحال پر اپنی آراء کا اظہار کریں گے۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور کشمیری عوام کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا بھی اعادہ کیا جائے گا جبکہ قومی سکیورٹی کے ناقابل شکست ہونے کے قومی عزم کا اظہار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی شریک ہوں گے جبکہ جماعت اسلامی سے امیر سراج الحق اور صاحبزادہ طارق اللہ ، اے این پی سے غلام احمد بلور ، نیشنل پارٹی سے حاصل بزنجو ، جمعیت علماء اسلام (ف) سے مولانا فضل الرحمان ، مسلم لیگ ضیاء سے اعجاز الحق ، مسلم لیگ (ق) سے چودھری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید ، نیشنل پارٹی سے سردار کمال خان بنگلزئی ، فاٹا سے جی جی جمال ، پی این پی مینگل سے جمال الدین ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی سے محمود خان اچکزئی سمیت دیگر ر بھ شرکت کریں گے ،اجلاس میں حکومت ،سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے یکجہتی کا مظاہرہ کر کے واضح پیغام دیا جائیگا۔