بھارت کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ،بھارتی وزیر دفاع

کنٹرول لائن کے دوسری طرف کاروائی ایک کامیاب آپریشن تھا اس پر سرکاری حیثیت سے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ ایک احساس سیکیورٹی کا معاملہ ہے ،چین کے ساتھ ہمارے تعلقات میں بہتری آئی ہے ،بھارت کو دہشتگردی کے خلاف دنیا کی تمام بڑی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے ،وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے تمام کوششیں کیں،اڑی کیمپ کے بریگیڈ کمانڈر کی تبدیلی آرمی چیف کا فیصلہ تھا ،منوہر پریکرکا انٹرویو

پیر 3 اکتوبر 2016 10:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2016ء ) بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا ہے کہ بھارت کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ، کنٹرول لائن کے دوسری طرف کاروائی ایک کامیاب آپریشن تھا اس پر سرکاری حیثیت سے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ ایک احساس سیکیورٹی کا معاملہ ہے ،چین کے ساتھ ہمارے تعلقات میں بہتری آئی ہے ،بھارت کو دہشتگردی کے خلاف دنیا کی تمام بڑی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے ،وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے تمام کوششیں کیں،اڑی کیمپ کے بریگیڈ کمانڈر کی تبدیلی آرمی چیف کا فیصلہ تھا ۔

اتوار کو بھارتی ٹی وی سی این این نیوز 18کو دیئے گئے انٹرویو میں منوہر پریکر نے کہا کہ ہم کسی بھی جارحیت کے لئے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

میری ماں نے مجھے سے کہا تھا کہ اگر آپ جنگل میں کسی خرگوش کے شکار کے لئے بھی جائیں تو اس کے ساتھ ساتھ ایک شیر کا سامنا کرنے کے لئے بھی تیار ہو کر جانا چاہیے ۔ بھارتی وزیر دفاع نے ڈی جی ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ کے سرجیکل سٹرائیک کے دعوے پر کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ میں صرف یہ کہوں گا کہ یہ ایک کامیاب آپریشن تھا ۔

میں اس پر سرکاری حیثیت سے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ ایک حساس سیکیورٹی کا معاملہ ہے ۔ ڈی جی ایم او اپنے بیان میں تمام تفصیلات بتا چکے ہیں ۔ پاکستان کی چین کے ساتھ بڑتی قربت کی روشنی میں بھارت کے چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں منوہر پریکر نے کہا کہ ایک ملک کی کسی دوسرے ملک کے ساتھ خاص قربت دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنے سے نہیں روک سکتی ۔

گزشتہ کئی سالوں کے دوران ہمارے چین کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بعض مسائل کے بارے میں فکر مند ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ چین کے ساتھ آج ہمارے تعلقات بہتر ہیں ۔ بارڈر مینجمنٹ بہتر ہے اور ہم زیادہ سے زیادہ اعتماد سازی کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ چین کا یہ بیان کہ ہمیں بھارتی جارحیت کی صورت میں پاکستان کی حمایت کرنے کے وعدے کا علم نہیں بھارت کی سفارتی فتح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو دہشتگردی کے خلاف دنیا کی تمام بڑی طاقتوں کی جانب سے حمایت حاصل ہے ۔ ہمارے وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے تمام کوششیں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔اڑی کیمپ کے بریگیڈ کمانڈر کی تبدیلی کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ آرمی چیف کا فیصلہ تھا ۔