پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،چین

چین امن کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے ،اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو چین پاکستان کا ساتھ دے گا، تناؤ کے پیش نظر بیجنگ اسلام آباد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ، وزارت خارجہ حکام

منگل 4 اکتوبر 2016 10:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2016ء) چین نے پاکستان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ جنگ کی صورت میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑے گا میڈیا رپورٹس میں وزارت خارجہ میں سینئر حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت تناؤ کی صورت میں بیجنگ اسلام آباد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ چین امن کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے تاہم اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو چین پاکستان کا ساتھ دے گا ۔

(جاری ہے)

وہ عوامی طور پر امن کے لئے بیانات دے رہے ہیں تاہم انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ ماضی کی جنگوں کی طرح ہمیں سپورٹ کریں گے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کہہ چکے ہیں کہ جہاں تک پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کا تعلق ہے تو چینی سائیڈ طرفین سے مسلسل رابطوں میں ہے اور امید ہے کہ دونوں ملک امن وامان کے لئے مل جل کر کام کریں گے ۔ دریں اثناء گزشتہ روز چین نے اقوام متحدہ میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی اپیل بھی ویٹو کر دی تھی ۔