سینیٹ میں مختلف قراردادیں کثرت رائے سے منظور

کم قیمت گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے مقامی صنعتوں کو مراعا ت دینے ‘ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قومی ٹیم کو مبارکباد اور سرکریک سے کراچی تک 250 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کی منظوری سینیٹر ستار ایاز نے محکمہ موسمیات کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کرنے بارے قرارداد واپس لے لی

منگل 4 اکتوبر 2016 10:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2016ء) سینیٹ نے ملک میں کم قیمت گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے مقامی صنعتوں کو مراعات دینے‘ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کے حصول پر کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دینے اور سرکریک سے کراچی تک 250 کلومیٹر سڑک تعمیر کرنے کی قراردادیں کثرت رائے سے منظور کرلی گئیں۔ جبکہ سینیٹر ستار ایاز نے محکمہ موسمیات کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حوالے کرنے کی قرارداد واپس لے لی ہے۔

سوموار کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر چوہدری تنویر خان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہے ایوان نے قرارداد کی متفقہ طورپر منظور دے دی۔ سینیٹر عتیق شیخ نے ملک میں کم قیمت گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے پیش کردہ قرار داد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سستی گاڑیاں تیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ کمپنیوں کے پاس ملک میں گاڑیاں تیار کرنے کے پلانٹس موجود ہیں مگر یہ کمپنیاں پاکستان کی ضرورت کے مطابق گاڑیاں نہیں بنا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی درآمد پر بہت زیادہ ٹیکسز لگائے گئے ہیں ملک میں نئی گاڑیاں بنانے کے اقدامات کئے جائیں قرار داد پر بات کرتے ہوئے وزیر پارلیمان شیخ آفتاب نے کہا کہ حکومت نے نئی آٹو پالیسی کے تحت نئی گاڑیوں کے پلانٹس لگانے اور موجود بیمار یا بند صنعتوں کو چالو کرنے کیلئے مراعات دی گئی ہیں قرارداد کو اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔

سینیٹر ستار ایاز نے قرار داد پیش کرتیہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات اس وقت ایو ایشن ڈویژن کے ماتحت ہے جبکہ ملک میں موسمیات کی وزارت موجود ہے ایسے حالات میں اس محکمے کا ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ قرار داد کی مخالفت کرتے ہوئے وزیر پارلیمان شیخ آفتاب نے کہا کہ اس ادارے کا زیادہ تعلق ایوی ایسن ڈویژن کے ساتھ ہے کیونکہ فلائٹس سے متعلق فوری معلومات دینا اس ادارے کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں ہے کہ ہمارے کچھ ریڈار کمزور ہیں حکومت 7 نئے ریڈار لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے انہوں نے کہاکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اس پر دباؤ نہ ڈالا جائے جس پر محرک نے قرارداد کو واپس لے لیا ہے۔

سینیٹر سسی پلیجیو نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سمندر کی جانب سے زمینوں کو نگلنے کا مسئلہ بہت حساس ہے اگر اس مسئلے کو روکا نہ گیا تو 2050 ء تک لاکھوں ایکڑ زمین سمندر برد ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ سمندر کو روکنا بہت ضروری ہے اور سرکریک سے لے کر کراچی کے ساحل تک 250 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے وزیر پارلیمان نے قرارداد کی مخالفت نہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاق حکومت اس سنگین مسئلے پر توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی ایوان نے قرار داد اکثریت سے منظور کرلی ہے۔