عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان

بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی مثبت رہا، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تائید کی ، نفیس زکریا پاکستان میں امن استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے،افغانستان کی بحالی و تعمیر نو کے لئے مزید 500 ملین ڈالرز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 7 اکتوبر 2016 11:24

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2016ء ) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت نے گزشتہ 3 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت جاری کر رکھی ہے، 110 بے گناہ افراد کو شہید اور 15 ہزار سے زائد کشمیریوں کو زخمی کیا جاچکا ہے جبکہ 60 سے زائد افراد بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔

ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیرمیں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی فوجیوں نے جموں وکشمیر لیبریشن فرنٹ کے چئیرمین یاسین ملک کو قید کررکھا ہے پاکستان کو یاسین ملک کی غیر قانونی حراست ، خرابی صحت اور طبی سہولیات نہ ملنے پر تحفظات اور تشویش ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی مثبت رہا اور انہوں نے بھی تائید کی ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کے غیر ذمہ دار بیانات خطے کے امن کے لئے نقصان دہ ہیں بھارت کے جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور پھر اسے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بے بنیاد اور سراسر الزام ہے ہم نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سرجیکل اسٹرائیکس اور بھارت کی جانب سے غلط بیانات کا معاملہ اٹھایا اور احتجاج کیا۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان میں امن استحکام افغانستان میں امن سے مشروط ہے اسی لئے پاکستان نے افغانستان کی بحالی و تعمیر نو کے لئے مزید 500 ملین ڈالرز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔