جنرل راشدمحمود کی ترک جنرل اسٹاف سے ملاقات دونوں ممالک کی افواج کے تعاون بڑھانے پراتفاق

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ترک وزیر دفاع اور فضائیہ کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی،جنرل راشد محمود کو ان کے ترک ہم منصب نے ” لیجن آف میرٹ“ کے اعزاز سے نوازا،آئی ایس پی آر

جمعہ 7 اکتوبر 2016 11:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2016ء)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود نے ترک جنرل اسٹاف جنرل سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی افواج کے تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا ۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود جو ترکی کے سرکاری دورے پر ہیں نے انقرہ میں ترک جنرل اسٹاف جنرل حلوسی اکار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور دوطرفہ تعاون،علاقائی سیکیورٹی سمیت دیگرامورپرتبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ترک عسکری قیادت نے دونوں ممالک کی افواج میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا۔علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے ترک وزیر دفاع فکری آئزک اور ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل عابدین عنال سے بھی ملاقات کی۔بعد ازاں ترک فوج کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پروقار تقریب میں جنرل راشد محمود کو ان کے ترک ہم منصب نے ” لیجن آف میرٹ“ کے اعزاز سے نوازا۔ جنرل راشد محمود نے کمال اتا ترک کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اس دوران انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔