22اگست کی لندن گفتگو کو رد کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ، 22اگست سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رہا تو کام نہیں کر سکیں گے ، ڈی جی رینجرز ، وزیراعظم اور آرمی چیف سے انصاف کی اپیل ہے

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کاپریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 10:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اکتوبر۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ 22اگست کی لندن کی گفتگو کو رد کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ، 22اگست سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رہا تو کام نہیں کر سکیں گے ۔ ڈی جی رینجرز ، وزیراعظم اور آرمی چیف سے انصاف کی اپیل ہے ۔ وہ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 22اگست کی لندن کی گفتگو کو رد کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ، جو لوگ مطلوب نہیں تھے وہ کیسے مطلوب ہوگئے ، ہمارے کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے رکن گل فراز خٹک کو بھی گرفتار کر لیا گیاجن پر اشتعال انگیز تقریرں کرنے کا الزام ہے ، ہمیں واضح جواب چاہیے تاکہ آئندہ لائحہ عمل طے کریں ۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ قمر منصور 22اگست کو موجود نہیں تھے اس کے باوجود گرفتار کر لیا گیا ، ہمارے ایک ایک کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے بلکہ گرفتاری کے لئے ہم سب تیار ہیں ، اس طرح اگر 22اگست سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رہا تو ہم کا م نہیں کر سکیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح کیا جائے کہ گل فراز کی کس تقریر سے امن کو نقصان پہنچا ، اگر ہم نے استعفے دیے تو ہر جگہ سے استعفے دیں گے ۔ ایم کیو ایم پاکستان اپنی ضرورت کے تحت استعفے دے گی اور اگر استعفے دیے تو پورے سیاسی عمل سے ہی باہر آ جائیں گے ۔ استعفے دینے کے بعد مہاجروں کا مستقبل اﷲ کے سپرد کر دیں گے ۔