توانائی بحران پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے‘ نواز شریف

سی پیک منصوبہ سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،تاجر برادری کو ٹیکس اتنا ہی لگایا جائے گا جو جائز ہوگا،وزیراعظم کا تاجر برادری سے ملاقات میں اظہا ر خیال سی پیک منصوبہ اور ملک کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال

اتوار 9 اکتوبر 2016 13:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے دورہ لاہور کے دوران لاہور کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی ہے، گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی اس ملاقات میں بونس کمیونٹی نے وزیراعظم کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور وزیراعظم نے ان مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی کروائی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم اور تاجر برادری کے درمیان سی پیک منصوبہ اور ملک کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبہ چینجر ہے جس سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کے ٹیکس سے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔

فنکاروں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ انڈسٹری کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے اس لئے صنعت کاروں کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل کرلئے جائیں گے۔ اس موقع پر تاجر برادری نے ٹیکسوں، بجلی کے بحران اور امن و امان سے متعلق وزیراعظم کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کے معاملے میں کسی سے زیادتی نہیں کی جائے گی۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی جلد حل کرلیا جائے گا۔

تاجر برادری کو ٹیکس اتنا ہی لگایا جائے گا جو جائز ہوگا۔ بعدازاں وزیراعظم نواز شریف نے ایک دوسرے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں ملکی معیشت کو درست سمت میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان معاشی طور پر پہلے سے زیادہ بہت زیادہ مضبوط ملک بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار نظام اتنا ہونا چاہیے کہ سرمایہ کاری میں آسانی سے ہو۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں۔ اس اجلاس میں ملکی کاروباری معروی شخصیات کے علاوہ گورنر پنجاب چوہدری رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، خرم دستگیر ا ور اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف توانائی کے حوالے سے کہا کہ توانائی کے بحران کو دور کرنے کیلئے توانائی کے منصوبوں پر 35 ارب ڈالرز خرچ کیے گئے ہیں جس سے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگی اور عوام کو سستی بجلی دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چین اکنامک کوریڈور منصوبہ ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کی وہ ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سی پیک منصوبے پر 46 ارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کررہا ہے جس پر تیزرفتایر سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے یہاں پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچے گا وہاں اس خطے کے عوام میں اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ اجلاس میں خواجہ آصف، خان چیمہ اور ارشد محمود لنگڑیال نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :