پاک بھارت کشیدگی ، بھارتی تاجر مودی کے نقش قدم پر، سبزیوں کی برآمد روک دی

پاکستان میں ٹماٹر اور سبز مرچیں مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا، سبزیوں کی سپلائی روکنے سے بھارت کو روزانہ 3 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا، پاکستانی تاجر

اتوار 9 اکتوبر 2016 13:39

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2016ء)بھارتی تاجروں نے مودی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان سبزیوں کی برآمد روک دی ، پاکستان میں ٹماٹر اور سبز مرچیں مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیاجبکہ پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سبزیوں کی سپلائی روکنے سے بھارت کو روزانہ 3 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی دراندازی کے بعد سے سرحد پر شدید کشیدگی بدستور برقرار ہے اور بھارتی حکومت کے انتہا پسندانہ اقدامات کے بعد اب تاجروں نے مودی کے رنگ میں رنگتے ہوئے پاکستان کو سبزیوں کی برآمد روک دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے تاجروں نے پاکستان کو ٹماٹر اور سبز مرچیں فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارتی تاجروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات معمول پر آنے تک سبزیاں پاکستان نہیں بھیجی جائیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشیدگی کے باوجود باہمی تجارت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔بھارت کی جانب سے پاکستان کو ٹماٹروں کی فراہمی روک دی گئی ہے، ایک اندازے کے مطابق بھارت سے روزانہ کی بنیاد پر ٹماٹر کے 60 سے 70 ٹرک پاکستان سپلائی کئے جا رہے تھے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ بھارت سے سبز مرچ برآمد ہی نہیں کی جا رہی تو اس کی فراہمی روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سبزیوں کی سپلائی روکنے سے بھارت کو روزانہ 3 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا، انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی تجارت رکنے سے نرخوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔