وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات ، قومی و علاقائی سلامتی امور پر تبادلہ خیال

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے میڈیارپورٹ پر تشویش کا اظہار حقائق سے ہٹ کر رپورٹنگ سے قومی مفاد کو نقصان پہنچا، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز ضروری ہے،ملاقات کے شرکاء کااتفاق وزیراعظم نے خبر کا سخت نوٹس لیا ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار اداکریں گی،ملاقات میں عزم

منگل 11 اکتوبر 2016 10:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں قومی و علاقائی سلامتی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال اور قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے میڈیارپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چوہدری نثار علی خان ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل میجر جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں شرکاء نے میڈیا میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے شائع ہونیوالی خبر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا ء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے شائع خبر قومی سلامتی سے متعلق رپورٹنگ کے تسلیم شدہ اصولوں سے انحراف ہے جب کہ حقائق سے ہٹ کر رپورٹنگ سے قومی مفاد کو نقصان پہنچا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز ضروری ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹنگ میں قومی سلامتی اور ریاست کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے، وزیراعظم نے خبر کا سخت نوٹس لیا ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار اداکریں گی جب کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قومی اتفاق رائے کے ساتھ بلاامتیاز اور کامیابی سے جاری رکھی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :