لگن اور جذبے سے ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، آرمی چیف

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افسروں نے صف اول کا محاذ سنبھال کر پاک فوج کی فخریہ روایات کی پاسداری کی،جنرل راحیل شریف کا پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ فورتھ پاکستان بٹالین کا افتتاح کیا

منگل 11 اکتوبر 2016 10:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11اکتوبر۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے افسروں نے صف اول کا محاذ سنبھال کر پاک فوج کی فخریہ روایات کی پاسداری کی ، لگن اور جذبے سے ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا جہاں لفٹیننٹ جنرل قمر نوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے پی ایم اے کی استعداد کار کے منصوبوں کا جائزہ لیا اور پی ایم اے کی فورتھ پاکستان بٹالین کا افتتاح کیا جب کہ آرمی چیف نے کیڈٹس کی تربیتی ، انتظامی سہولتوں میں بہتری کو بھی سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے اعلیٰ پیشہ وارانہ تربیت ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے افسران نے آگے رہ کر قیادت کی اور فخریہ روایت پر عمل کیا جب کہ مستقبل کی قیادت کیلئے تمام پیشہ ورانہ امورمیں ترقی کی ضرورت ہے، لگن اور جذبے سے ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تمام فریقوں کا مکمل اتفاق ہے۔