بلاول بھٹوکا چاروں صوبوں میں پارٹی فعال بنانے کیلئے اہم عہدوں پر تبدیلی کا فیصلہ

سنٹرل پنجاب میں پیپلزپارٹی کے جیالوں کو متحرک کرنے کیلئے قمر زمان کائرہ کو صدر،ندیم افضل چن کو جنرل سیکرٹری مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ ن جنوبی پنجاب میں پی پی پی کی صدارت مخدوم احمد محمود کے حوالے کئے جانے کا امکان، دیگر صوبوں میں بھی صدر،جنرل سیکرٹری تبدیل کرنیکا فیصلہ

منگل 11 اکتوبر 2016 10:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11اکتوبر۔2016ء)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چاروں صوبوں میں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے اہم عہدوں پر تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے پنجاب کو دو حصوں میں تقسیم کر کے وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے الگ الگ عہدیداروں کا تقرر کیا جائے گا ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سنٹرل پنجاب میں پیپلزپارٹی کے جیالوں کو متحرک کرنے کے لئے قمر الزمان کائرہ کو صدر اور ندیم افضل چن کو جنرل سیکرٹری مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں پی پی پی کی صدارت کی پگ سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے پیپلزپارٹی پجاب کے موجودہ صدر سابق وزیر اعلی پنجاب منظور احمد وٹو نے چار ماہ پہلے پہلے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مشورہ دیا تھا کہ وہ آئندہ الیکشن کے لئے اپنی ٹیم خود منتخب کریں اور مجھے آئندہ ٹیم میں جو بھی کردار ادا کرنے کو کہا جائے گا اس کے لئے میں تیار ہوں چنانچہ اب بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی صدور اور جنرل سیکرٹری تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں پی پی پی کی صدارت سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ سے لے کر منظور وسان یا آغا سراج درانی کو دینے کے لئے مشاورت جاری ہے اور ان دونوں میں منظور وسان کا پلڑا بھاری ہے جبکہ جنرل سیکرٹری کے لئے سینیٹر قیوم سومرو کا نام لیا جا رہا ہے اسی طرح بلاول بھٹو زرداری بلوچستان میں صادق عمرانی کو صدارت سے ہٹا کر میرباز کیتھران یا فتح محمد حسنی کو یہ عہدہ دینے کے خواہشمند ہیں اور جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لئے علی مدد جتک یا صابر بلوچ کو مقرر کئے جانے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی کے میں سینیٹر خانزادہ کو صدارت سے ہٹا کر ظاہر شاہ یا اعظم آفریدی کو مقرر کرنے کا امکان ہے اس کے علاوہ پنجاب میں مرتضیٰ ستی اور عبدالقادر شاہین کو بھی اہم عہدے دیئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کو ان تبدیلیوں کے بارے میں اعتماد میں لیں گے اور سابق صدر آصف علی زرداری کی رضامندی کے بعد تمام عہدیداروں کے تقرر کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا نئے عہدیداروں کے تقرر کے بعد بلاول بھٹو زرداری پنجاب ، کے پی کے اور بلوچستان میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ناراض ساتھیوں کو منانے کا مشن بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ پارٹی کو نئے سرے سے مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں ۔

بلاول بھٹو زرداری سب سے زیادہ فوکس پنجاب پر کرنے کے خواہش مند ہیں ۔