پاکستانی بزنس مین بھارت کا سفر نہ کریں ،پاکستانیوں کیلئے حالات موافق نہیں ہیں،عبدالباسط

پیر 17 اکتوبر 2016 11:20

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2016ء)بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے پاکستانی بزنس مینوں کو ایڈوائز دی ہے کہ وہ بھارت کا سفر نہ کریں کیونکہ بھارت کے سفر کیلئے پاکستانیوں کیلئے حالات موافق نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی تناؤکے سبب پاکستانی تاجروں کوکہا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے تحت بھارت کاسفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ پاکستانی شہریوں کیلئے حالات موزوں نہیں ہیں اور انکی ایڈوائز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے بھی شہریوں اور بزنس مینوں کوبھارت کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے مابین بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی اور مودی حکومت کی جانب سے دھمکی آمیز رویے نے پاک بھارت تجارت کو شدید متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں سبزیاں پاکستان کے مقابلے میں سستی ہیں اور یہ سبزیاں مشرقی پنجاب سے زمینی راستے کے ذریعہ روزانہ سینکڑوں ٹرکوں میں پاکستان لائی جاتی تھیں مگر اب ان ٹرکوں کی آمد بند ہوگئی ہے جس کا زیادہ نقصان بھارتی تاجروں کو اٹھانا پڑا ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی جنونی دھمکیوں کے بعد ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ)نے رواں ماہ کے دوران نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش ملتوی کردی گئی ہے۔ آئندہ ماہ نومبر میں دہلی کے پرگتی میدان میں ہونے والی عالمی انڈین تجارتی نمائش میں ایف پی سی سی آئی نے شرکت سے انکار کردیا ہے۔اس نمائش میں ایف پی سی سی آئی کی جانب سے ہرسال ایک بڑا پویلین بنایا جاتا تھا جس میں پاکستان سے ایگزی بیوٹرز اور ویمن اینٹر پرینورز شریک ہوتے رہے ہیں۔

اس ضمن میں ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور فیڈریشن چیمبر میں سال2017کیلئے یو بی جی کے صدارتی امیدوار زبیر طفیل نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی ایڈوائز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ درست ہے انہوں نے ایف پی سی سی آئی اور دیگر تجارتی اداروں کو فی الحال بھارت کیلئے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے،یہی وجہ ہے کہ بھارت میں ہونے والی نمائشوں میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے عالیشان پاکستان نمائش ملتوی ہونے پر تمام شرکت کنندگان کو انکے پیسے واپس کردیئے ہیں۔دوسری جانب ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے بھی کہا ہے کہ ہم اپنے بزنس مینوں کی جان کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے تھے اس لئے ہم نے بھارتی حکمرانوں کی دھمکیوں کے بعد عالیشان پاکستان کو کینسل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں آئندہ نمائشوں میں شرکت کا فیصلہ بھارتی حکومت کے رویے پر منحصر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :