سرجیکل سٹرائیک کا بھارتی ڈرامہ نہیں چل سکا، اس کی صرف بڑھکیں ہیں،سیکرٹری دفاع

ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہائی ا لرٹ ہیں بھارت کی طرف سے گزشتہ ایک ماہ میں ایل اوسی کی 58 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ایک سال میں افغانستان سے 213 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے،سینیٹ کی دفاع اور خارجہ کمیٹی کو بریفنگ مودی نے برکس سمٹ کو پاکستان کو رگڑا دینے کیلئے استعمال کیا مگر ناکام رہا،ہم ہر حالت میں کشمیر کی مدد جاری رکھیں گے، بھارت حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا،مشاہد حسین سید کی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

جمعہ 21 اکتوبر 2016 10:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2016ء)سینیٹ کی دفاع اور خارجہ کمیٹی کے چیئر مین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سینیٹ کی دفاع اور خارجہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے گزشتہ ایک ماہ میں لائن آف کنٹرول کی 58 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی جبکہ گزشتہ ایک سال میں 103 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ،افغانستان کی طرف سے گزشتہ ایک سال میں 213 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے ،سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)ضمیر الحسن شاہ نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیک کا بھارتی ڈرامہ نہیں چل سکا، اس کی صرف بڑھکیں ہیں،ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہائی ا لرٹ ہیں ۔

جمعرات کے روز دفاع اور خارجہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس چئیر مین کمیٹی مشاہد حسین سید کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)ضمیر الحسن شاہ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بارڈر کراس کرکے مخالف کا فائرنگ وغیرہ سے نقصان کرنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا کا سرجیکل سٹرائیک ڈرامہ نہیں چل سکا،سرجیکل سٹرائیک میں فزیکلی بارڈر کراس کرنا ہوتا ہے۔

کشمیر میں موجود بین الاقوامی آبزرور نے کہا ہے کہ ہمارے مشاہدے کے مطابق سرجیکل سٹرائیک نہیں ہوئی۔بین الاقوامی آبزرور کے مطابق سرجیکل سٹرائیک کے کوئی نشانات نہیں ملے۔بھارتی کالمسٹس کے مطابق سرجیکل سٹرائیک والی بات ہندوستان کیلئے بلکل سفارتی تباہی ہے۔اصل میں مودی نے جو ہائپ پیدا کی، پھر اس نے ا س کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز اس وقت ہائی الرٹ ہیں۔

ہماری بھی ائر فورس سمیت تمام فورسز ہائی الرٹ ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈ یا کوبریفنگ میں مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ افغان بارڈر پر 78 کراسنگ پوائنٹ ہیں،16 کراسنگ پوائنٹ صرف باضابطہ ہیں۔ دہشتگردی کی وجہ سے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے 3 لاکھ 30 ہزار خاندان گھروں کو واپس چلے گئے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم مودی نے برکس سمٹ کو پاکستان کو رگڑا دینے کیلئے استعمال کیا۔مگر ہندوستان کا ہمارے خلاف پروپیگنڈا ناکام ہو گیا ہے۔روس اور چین نے ہندوستان کے اس ایجنڈے کا ساتھ نہیں دیا۔ جنوبی ایشیا کے امن کو روس اور چین پروموٹ کر رہے ہیں۔اسرائیل اور کشمیر متنازعہ ہیں۔ ہم ہر حالت میں کشمیر کی مدد جاری رکھیں گے۔ ہندوستان حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ صرف بڑھکیں ہیں۔