2 نومبر دھرنا،خواجہ سعد رفیق کا خورشید سے رابطہ

وفاقی وزیر کا ملاقات کی خواہش کا اظہار،اپوزیشن لیڈر نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2016ء) تحریک انصاف کے دو نومبر کے دھرنے سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے پارلیمانی رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے رابطہ کیا اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، خورشید شاہ نے پارٹی سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز تحریک انصاف کی جانب سے دو نومبر کو اسلام آباد بند کرنے اور صورت حال سے نمٹنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے رکن خواجہ سعد رفیق نے اپوزیشن لیڈر خورشیدہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ،دونوں رہنماؤں کے درمیان پانامہ لیکس سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ،ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر نے سیاسی صورت حال پر تحفظات کا اظہار اور بحران کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیاتاہم خواجہ سعد رفیق نے موجودہ پر سیاسی بحران پر تفصیلی بات چیت کیلئے ملاقات کا وقت مانگ لیا اور کہا کہ سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے تاہم خورشید شاہ نے خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا اور کہا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد ہی اپنی پوزیشن واضح کر سکوں گا۔