نیب دفاتر قوانین اور مروجہ طریقہ کار کے مطابق شکایات کی تصدیق، تحقیقات اور تفتیش یقینی بنائیں،چیئرمین نیب

نگرانی اور جانچ پڑتال کے نظام کا مقصد عملدرآمد اور نتائج کو منظم انداز میں استوار کرنا اور پروگراموں کی افادیت کو جانچنا ہے,چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 11:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اکتوبر۔2016ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی سے پاک پاکستان کیلئے انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیت، شفافیت اور میرٹ پر قومی فریضہ کی ادائیگی کیلئے پرعزم ہے، نیب کے تمام علاقائی دفاتر متعلقہ قوانین اور مروجہ طریقہ ہائے کار کے مطابق شکایات کی تصدیق، تحقیقات اور تفتیش کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بات نیب کے مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن سسٹم (ایم ای ایس) پر تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن کے بارے میں چیئرمین کے مشیر نے نیب میں ایم ای ایس کی کارکردگی سے متعلق پیشرفت اور مستقبل میں اس کی استعداد کار و افادیت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایات پر نیب نے تمام متعلقین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے موٴثر مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن سسٹم وضع کیا ہے جو شکایات کے اندراج، تصدیق، انکوائری، تفتیش، استغاثہ کے مرحلہ اور کیس کی مختصر تفصیل، کئے گئے فیصلوں اور وقت و تاریخ کے ساتھ اجلاس کے شرکاء کی فہرست سمیت علاقائی بورڈ اور ایگزیکٹو بورڈز کے اجلاسوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے سمیت ہر مرحلہ کے ڈیٹا کو برقرار اور خلاف ورزی کرنے والوں کو انتباہ پر مبنی معیاری اور عددی شکل میں اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت پر مشتمل نمایاں خوبیوں کا حامل ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نگرانی اور جانچ پڑتال کا یہ نظام متوقع نتائج اور موٴثر عملدرآمد کے ضمن میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے وسائل کے قابل قدر اور موٴثر ترین استعمال کی نشاندہی میں مدد ملے گی، یہ معروضی نتائج وضع کرنے کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام سٹرٹیجک پلاننگ میں رہنمائی کیلئے ضروری اعداد و شمار کی فراہمی اور کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ موجودہ اور آئندہ کی کارکردگی کے بہتر نتائج کے حصول میں بھی مدد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ای ایس پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے بھی ایک اہم انتظامی ذریعہ ہے اور یہ فیصلہ سازی کے ساتھ ساتھ ماضی، حال اور مستقبل کے فیصلوں کے درمیان روابط استوار کرنے میں بھی سہولت کا حامل ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ادارہ میں نگرانی اور جانچ پڑتال کے نظام کا مقصد عملدرآمد اور نتائج کو منظم انداز میں استوار کرنا اور پروگراموں کی افادیت کو جانچنا ہے جس سے اس امر کے صحیح تعین میں مدد ملتی ہے کہ کب کوئی پروگرام ٹریک پر ہے اور کب اس میں تبدیلیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ای ایس انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے معیار کو پرکھنے اور درکار تبدیلیوں کی بنیاد بھی فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :