حکومت گزشتہ تین سالوں کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو پائیدار بنا ئے گی٬ اگلے دو سال میں غربت کے خاتمے٬ مجموعی ترقی٬ روزگار اور سماجی شعبے کے لئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی٬ اسحا ق ڈار

پاکستان کے بڑے معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے ٬ اقتصادی ترقی کے حوالے سے کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں٬ ایم ڈی آئی ایم ایف کی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ پر پریس کانفرنس

بدھ 26 اکتوبر 2016 11:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت گزشتہ تین سالوں کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو پائیدار بنانے کے ساتھ ساتھ اگلے دو سال میں غربت کے خاتمے٬ مجموعی ترقی٬ روزگار اور سماجی شعبے کے لئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ منگل کو یہاں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر خوشی اظہار کیا کہ پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے٬ یہ پروگرام ہمارے پیش کردہ اصلاحاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور اب اسے نئے پروگرام کی ضرورت نہیں ہے تاہم پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مختلف شعبوں میں مشاورت جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے جامع اقتصادی اور مالیاتی اصلاحات نافذ کی ہیں جن کے نتیجے میں ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے٬ بجٹ خسارہ میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ اس میں مزید کمی آنے کی بھی توقع ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں سال ترقیاتی اخراجات بڑھا کر آٹھ سو ارب روپے کئے گئے ہیں جو تین سال قبل تین سو ارب تھے٬ حکومت نے سماجی تحفظ کے پروگراموں کے لئے فنڈز میں بھی کئی گنا اضافہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا٬ کوئی بھی آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

کوئٹہ میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور دہشتگردی اس جیسے واقعات اس کا منفی ردعمل ہیں۔اس موقع پر آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران اپنی مصروفیات اور پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بڑے معاشی اشاریوں میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت کی اقتصادی کارکردگی کی تعریف کی اور مزید بہتری کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔کرسٹین لاگارڈ نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے کوششوں کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :