لوگ ہمارے پاس آکر حکمران جماعت کی کرپشن کی داستانیں سنارہے ہیں، عمران خان

ن لیگ اب تک 15ارب کی کرپشن کر چکی ، جاوید صادق شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے کرپشن کرنا دونوں بھائیوں کے لئے قانونی ، پر امن احتجاج کرنا ان کے لئے غیر قانونی ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن لائن۔27اکتوبر۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ ہمارے پاس آکر کرپشن کی داستانیں سنارہے ہیں، ن لیگ اب تک 15ارب کی کرپشن کر چکی ہے، بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاوید صادق شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے، شہباز شریف ہر منصوبے میں جاوید صادق کو آگے کر لیتے ہیں، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا کنٹریکٹ بھی جاوید صادق کو ملا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کرپشن سامنے لارہے ہیں، ملتان سکھر موٹروے پر 16ارب روپے کمیشن لیا گیا، 26ارب 55کروڑ کی کرپشن صرف 4منصوبوں میں ہوئی ہے، جاوید صادق اب تک 15ارب روپے ہضم کرچکا ہیں،عمران خان نے کہا کہ کرپشن کرنا دونوں بھائیوں کے لئے قانونی ہے اور پر امن احتجاج کرنا ان کے لئے غیر قانونی ہے یہ لانگ مارچ کر سکتے ہیں ہم کیوں نہیں، انہوں نے کہا کہ جب10لاکھ لوگ اسلام آباد آجائیں گے اسلام آباد خود بند ہو جائے گا کسی قسم کی پکڑ دھکڑ غیر آئینی ہے،2نومبر کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ردعمل آئے گا پھر نہ کہنا کہ جمہوریت ڈی ریل ہو گئی، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی لیکس بڑا معاملہ ہے جو مودی کر رہا ہے یہ بھی وہی کر رہے ہیں، بادشاہ سلامت اپنے بچوں کو تیار کررہے ہیں، آئی ایم ایف کی صدر بھی کرپشن کے بارے میں کہہ چکے ہیں پاکستان میں کرپشن کا اعتراف آئی ایم ایف نے بھی کیا ہے، حکمران جاوید صادق کے ساتھ ملکر کرپشن کر رہے ہیں، عمران خان نے کہا کہ میرے دو مطالبات ہیں اپوزیشن کے ٹی او آرز کے مطابق نواز شریف کا احتساب کیا جائے اور دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف تلاشی دیں یا استعفیٰ دیں، انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں ڈالیں خودکش حملہ کروائیں میں نہیں رکوں گا رانا نثاء اللہ قاتل ہیں انہیں کسے وزیر قانون بنایا گیا ہے۔