بھارت کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پرجارحیت مہنگی پڑگئی

پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی، 5بھارتی فوجی جہنم واصل،4چوکیاں تباہ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی،شدید احتجاج

جمعرات 27 اکتوبر 2016 11:26

راولپنڈی/سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن لائن۔27اکتوبر۔2016ء)بھارت کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پرجارحیت مہنگی پڑگئی ٬پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی کے نتیجے میں 5بھارتی فوجی جہنم واصل ہوگئے جبکہ انکی 4چوکیاں بھی تباہ کردی گئیں٬ادھر ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 8زخمی ہوگئے۔

بدھ کو عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے گزشتہ روز سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر جاری بلاجواز فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ٬ بھمبر سیکٹر سمیت ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کے مختلف مقامات پر پاک فوج کے جوانوں کی موثر جوابی کاروائی کے نتیجے میں 5بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں بھارت کی 4پوسٹیں بھی تباہ ہو گئیں۔

(جاری ہے)

ادھر ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 8زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ورکنگ بائونڈری کے چپراڑسیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 8زخمی ہوگئے ۔پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر گزشتہ روز بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک اور شہری سکندر کو سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن کے بجو ات ٬چارواہ سیکٹر پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں80سالہ غلام رسول ولد فیضان علی ساکن کرلوپ٬ 65غلام رسول ولد فضل دین ساکن کرلوپ٬63سالہ عبدالعزیز ولد اللہ رکھا ساکن پنوال٬ 11سالہ علیزہ ولد سیف اللہ ساکن کرلوپ٬58سالہ محمد رزاق ولد اللہ رکھا ساکن معراج زخمی ہوا ہے جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔

ادھردفتر خارجہ نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی کے نتیجے میں جانی نقصان پر شدید احتجاج کیاہے۔

دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق خصوصی ڈیسک برائے امور جنوبی ایشیا کے سربراہ نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کیا جس میں کہا گیا کہ بھارت ورکنگ باوٴنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس کے باعث 21 اکتوبر سے اب تک 4 پاکستانی شہری شہید ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل ورکنگ باوٴنڈری اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کررہا ہے اور گزشتہ 5 روز میں 4 افراد شہید جب کہ 21 زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :