پہلے میٹروبس ،پھر چنگ چی ،تحریک انصاف کے رہنما پنجاب پولیس کو چکما دے کر اسلام آباد چل نکلے

منگل 1 نومبر 2016 12:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1نومبر۔2016ء) پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کی میٹروبس سروس کا استعمال ،پھر چنگ چی رکشے کی سواری ، تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال لاہور میں پنجاب پولیس کو ایسا چکما دے کر اسلام آباد بھاگ گئے کہ اہلکار بھی چکرا گئے۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق آج دوپہر پولیس نے میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا لیکن عدم دستیابی کے باعث انہیں گرفتار نہ کیا جا سکا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میا ں اسلم اقبال نے انتہائی چالاکی کے ساتھ سمن آباد سے میٹرو بس سروس میں سوار ہوئے اور شاہدرہ تک پہنچے جہاں سے وہ چنگ چی رکشے میں سوار ہو کر مرید کے کی طرف روانہ ہو گئے۔میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ چیئر مین تحریک انصاف نے حکم دیا ہے کہ گرفتاری کے بغیر بنی گالا پہنچنا ہے اس لیے پولیس اور انتظامیہ سے بچتے بچاتے اسلام آباد جا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں اپنی گاڑی پر اسلام آباد جاتا تو پولیس مجھے راستے میں گرفتار کر لیتی۔