نواز شریف ملک پر حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ، عمران خان

اٹارنی جنرل شریف خاندان کا ذاتی ملازم نہیں ان کی جانب سے نواز شریف کا کیس لڑنے پر ہم اعتراض کریں گے ۔ نیب اور ایف بی آر نے عدالت میں من گھڑت دستاویزات جمع کرائی ۔ پانامہ لیکس کا مقدمہ سات ماہ پرانا ہے پھر بھی عدالت سے وقت مانگا جا رہا ہے ۔ نواز شریف بتائیں ان کے بچوں نے عدالت میں جواب کیوں جمع نہیں کرایا،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 نومبر 2016 11:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک پر حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں ۔ اٹارنی جنرل شریف خاندان کا ذاتی ملازم نہیں ان کی جانب سے نواز شریف کا کیس لڑنے پر ہم اعتراض کریں گے ۔ نیب اور ایف بیآر نے عدالت میں من گھڑت دستاویزات جمع کرائی ۔ پانامہ لیکس کا مقدمہ سات ماہ پرانا ہے لیکن پھر بھی عدالت سے وقت مانگا جا رہا ہے ۔

نواز شریف بتائیں ان کے بچوں نے عدالت میں جواب کیوں جمع نہیں کرایا ۔جمعرات کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حکومت نے پانامہ لیکس میں مریم نواز اور حسین نواز کا جواب جمع کیوں نہیں کرایا ۔ نواز شریف نے جواب جمع کرا دیا ان کے بچوں نے جواب جمع کیوں نہیں کرایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ہم احتساب کے لئے تیار ہیں تو پھر وہ بھاگ کیوں رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اٹارنی جنرل نواز شریف کا کیس لڑ رہے ہیں ہم اس پر اعتراض کریں گے اٹارنی جنرل شریف خاندان کا کیس نہ لڑیں اٹارنی جنرل نواز شریف کا ذاتی ملازم نہیں ۔

اٹارنی جنرل عوام کے ٹیکس سے پیسے لیتا ہے اٹارنی جنرل کو حساب دینا ہو گا انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف بی آر نے من گھڑت دستاویزات عدالت میں جمع کرائی ہیں وزیر اعظم کا بحران کوئی چھوٹا بحران نہیں ہے ۔ کسی بھی ملک کے اندر وزیر اعظم اخلاقی قوت کے تحت حکومت کرتا ہے ۔ نواز شریف کے پاس کوئی اخلاقی قوت باقی نہیں رہی کہ وہ پاکستان پر حکومت کریں انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے تمام درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں ہمارے لوگ لاک ڈاؤن چاہتے تھے لیکن میں نے عدالت پر اعتماد کیا ۔