نیوز لیکس معاملہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی کل تک تشکیل دیدی جائے گی، چوہدری نثار

یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے کوئی بچوں کا کھیل نہیں‘ اصل محرک کی نشاندہی کیلئے تحقیقات ضروری ہیں انکوائری کمیٹی انتظامی سطح کی ہوگی پارلیمانی کمیٹی کی ضرورت نہیں٬وزیر داخلہ کی سینئیر صحافیوں سے گفتگو

اتوار 6 نومبر 2016 13:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ خبر لیکس معاملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی پیر تک تشکیل دیدی جائے گی جس کی سربراہی ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے۔ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ متنازعہ خبر کا معاملہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے کوئی بچوں کا کھیل نہیں‘ حقیقت معلومات کرنے کیلئے تحقیقات ضروری ہیں تاکہ جھوٹی خبر کے محرک کی نشاندہی ہوسکے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انکوائری کمیٹی سینیٹر پرویز رشید کے خلاف نہیں بلکہ متنازعہ خبر کی حقیقت معلوم کرنے کیلئے بنائی جارہی ہے جس کے ممبران کمیٹی میں حساس اداروں کے افسران شامل ہوں گے جب کہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج اس تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے افسران کی ایمانداری ‘ اخلاص اور کردار پر کوئی انگلی بھی نہ اٹھا سکے گا۔

کمیٹی پیر تک بنا دی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ انکوائری کمیٹی انتظامی سطح کی ہوگی پارلیمانی کمیٹی کی ضرورت نہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی کو آزاد صاف اور شفاف ماحول میں کام کرنے دیا جائے گا تاکہ خبر کا محرک معلوم ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :