متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ کا 25دسمبر سے فیصلہ کن تحریک کے آغاز کا اعلان

تاریخ کا سب سے بڑا دھرنا کراچی میں دیکر دکھائیں گے ، ہمارے دھرنے میں یوٹرن نہیں ہوگا، پریڈ گراؤنڈ والوں کو فارغ کرنے والے اورنگی والے ہی کافی ہیں ، سندھ کے خزانے میں بڑے بڑے سوراخ ہیں ، وائٹ پیپر لائیں گے ، سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کریں گے ، فاروق ستار کا شعبہ خواتین کے جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب

اتوار 6 نومبر 2016 13:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے 25دسمبر کو فیصلہ کن تحریک کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ کا سب سے بڑا دھرنا کراچی میں دیکر دکھائیں گے ، ہمارے دھرنے میں یوٹرن نہیں ہوگا، پریڈ گراؤنڈ والوں کو فارغ کرنے والے اورنگی والے ہی کافی ہیں ، سندھ کے خزانے میں بڑے بڑے سوراخ ہیں ، وائٹ پیپر لائیں گے ، سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کریں گے ۔

وہ ہفتہ کو شعبہ خواتین کے جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں ذمہ داران و کارکنان سمیت بڑی تعداد میں حق پرست خواتین نے شرکت کی جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں تحریکی اور قومی پرچم تھام رکھے تھے۔ جلسہ گاہ میں میں ایم کیوایم کے تنظیمی نغمے بجائے جارہے تھے جن پر شرکاء کا جوش و خروش قابل دید تھا۔

(جاری ہے)

مرکزی اسٹیج انتہائی خوبصورت انداز میں بنایا گای تھا جس کے دنوں جانب پھولوں کے گلدان لگائے گئے تھے جبکہ مرکزی اسٹیج پر انتہائی خوبصورت اسکرین آویزہ تھا جس پر ”جنرل ورکرز اجلاس برائے خواتین (اورنگی ٹاؤن) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)“ جلی حروف میں تحریر تھا۔

ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار کی آمد پر جلسہ کے شرکاء نے کھڑے ہوکر پرجوش نعرے لگا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ جلسہ میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار، اراکین رابطہ کمیٹی، ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج و اراکین، ایم کیو ایم کی مختلف ٹاوٴنز و یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان، بلدیاتی نمائندگان یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، حق پرست اراکین اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں حق پرست خواتین نے شریک تھیں۔

مرکزی اسٹیج کی دائیں جانب صحافیوں کیلئے خصوصی پریس گیلری بنائی گئی تھی جہاں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ اسٹیج کے بائیں جانب سوشل میڈیا کیمپ لگایا گیا تھا۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ جلسہ کے شرکاء سے ایم کیو ایم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار، رکن رابطہ کمیٹی و قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن، رکن رابطہ کمیٹی و حق پرست رکن قومی اسمبلی ہیرسوہو، ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیکٹیو کونسل کی رکن افشاں عمران، رکن قومی اسمبلی محبوب عالم، رکن سندھ اسمبلی سیف الدین خالد اور ٹاوٴن آرگنائزر عبدالحق نے خطاب کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ 22اگست کی شام کو کچھ لوگوں کے منہ میں پانی آیا تھا ، انہوں نے سوچا کہ شاید ایم کیو ایم کی کشتی رک گئی لیکن جب تک مائیں بہنیں ساتھ ہیں کشتی نہیں رک سکتی ۔انہوں نے کہا کہ آصف حسنین ودیگر جلد واپس آئیں گے ، بہت جلد ایک جلسہ عام کرنے جا رہے ہیں ، پریڈ گراؤنڈ والوں کو فارغ کرنے کے لئے اورنگی والے ہی کافی ہیں ، کراچی کو اس کی عظمت لوٹائیں گے اور روشنیوں کا شہر بنائیں گے ۔

فاروق ستار نے کہا کہ اورنگی میں یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بننا چاہیے ، شہر میں پانی کے منصوبے مکمل کریں گے ، پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلوے سرکلر کا نظام لائیں گے ۔ کراچی میں صرف بسیں کافی نہیں ٹرینوں کا نظام بھی چاہیے ،ایم کیو ایم ایک تھی اور رہے گی ، اگلے الیکشن میں خواتین کو براہ راست ٹکٹ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے لئے حقوق حاصل کریں گے ،25دسمبر کو جلسہ فیصلہ کن تحریک کا آغاز ہو گا، میئر کراچی کو جلد جیل کی سلاخوں سے باہر لائیں گے ، دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا دھرنا کراچی میں دیکر دکھائیں گے ، ہمارے دھرنے میں یوٹرن نہیں ہوگا، 100دن کا پروگرام کر رہے ہیں ۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کی صفائی کے لئے 10ارب روپے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے ، سندھ کے خزانے میں بڑے بڑے سوراخ ہیں ، وائٹ پیپر لائیں گے جو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں بھی جمع کرایا جائے گا۔ سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کریں گے ۔