وزیراعلیٰ سے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات،مختلف شعبوں میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

چینی سرمایہ کاروں کا پنجاب میں توانائی،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ ،رئیل اسٹیٹ ،مائننگ ا وردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کااظہار پاکستان خصوصاً پنجاب میں 3ارب ڈالر کے علاوہ بھی سرمایہ کاری کرینگے، ”پنجاب سپیڈ “کا تذکرہ چین میں ہر جگہ سنا ہے :وفد چینی سربراہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے پاکستان اور چین کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دی ہے :شہبازشریف

اتوار 6 نومبر 2016 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں چین کی سرمایہ کارکمپنیوں کے سربراہان کے وفد نے ملاقات کی اور چینی سرمایہ کاروں نے توانائی ،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ ،رئیل اسٹیٹ اوردیگر شعبوں میں3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں توانائی،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ ،رئیل اسٹیٹ ،مائننگ ا وردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔

چینی وفد کی سربراہ چائنہ ہوارنگ انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ کی نائب صدر چینگ یان (Ms. Xheng Yan) نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں 3ارب ڈالر کے علاوہ بھی سرمایہ کاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ”پنجاب سپیڈ “کا تذکرہ چین میں ہر جگہ سنا ہے اورہم اسی پنجاب سپیڈ سے متاثر ہوکر یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ”پنجاب سپیڈ“ کی طرح صوبے میں تیزرفتاری سے سرمایہ کاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے تیزی سے منصوبے مکمل کر کے ”شینزن سپیڈ“کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔چینی قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے اورصوبے میں انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ اورتوانائی کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں 2برس سے لاہور میں متعین ہوں ،میں نے اپنی آنکھوں سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کی تیزرفتار کامیابیاں دیکھی ہیں ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال بن چکی ہے اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور میں دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دی ہے ۔

سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پورے پاکستان میں توانائی اوردیگر منصوبوں میں پر دن رات کام ہوہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے ۔چین کے صدر کا ”ون بلٹ ون روڈ“کا ویژن خطے میں خوشحالی اورترقی کا ویژن ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت سرمایہ کاروں کو نئے مواقع ملے ہیں ۔

چین کے متعدد سرمایہ کار پاکستان خصوصا ً پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں اور پنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کو عملی شکل دینے کیلئے 14روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد میں چائنہ ہوارنگ انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ(China Huarong International Holdings Ltd) کی نائب صدر چینگ یان (Ms. Xheng Yan)، ہاؤ تیان ہولڈنگز لمیٹڈ (Hao Tian Holdings Ltd) کے چیئرمین یاؤ وائی منگ (Mr. Yau Wai Ming)، چیف ایگزیکٹو آفیسر گاؤ فالیان (Mr. Gao Falian) ، چائنہ اینوویٹو فنانس گروپ لمیٹڈ (China Innovative Finance Group Ltd) کے سی ایف او لا مین ٹاٹ (Mr. Law Man Tat) ، ایگزیکٹو اسسٹنٹ کی ڈچاؤ (Mr. Qi Dechao)، سینئر ایڈوائزر زینگ ڈیانگ (Mr. Zheng Dayong)، شین ڈونگ انٹرنیشنل اینڈ ٹیکنیکل کارپوریشن گروپ کے جنرل مینجر سن لی (Mr. Sun Lei)، سینئر بزنس مینجر سن یی چنگ (Mr. Sun Yicheng) اوردیگر شامل تھے جبکہ لاہور میں چین کے قونصل جنرل یو بورن(Mr. Yu Boren) ، ڈپٹی قونصل جنرل وینگ ڈیکسو (Mr. Wang Daxue) اورقونصلر اتاشی زہائی ینگ لن (Mr. Zhai Yinglin) صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،سیکرٹری توانائی ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔