بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ،ماں بیٹی سمیت 3افراد شہید اور متعدد زخمی ،درجنوں مکانات تباہ ،عوام میں شدید خوف وہراس

تتہ پانی ہجیرہ اور تتہ پانی بٹل مدارپور روڈ بند ہوگئی پاک فوج کا بھی دشمن کو منہ توڑ جواب،عوامی حلقوں کی بھارتی فوج کی جارحیت کی بھرپور مذمت پاکستان کا اقوام متحدہ مبصرین سے احتجاج بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری اور ایل او سی کی 183 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی،ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 9 نومبر 2016 11:43

راولاکوٹ،راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2016ء) بھارتی فوج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ،ماں بیٹی سمیت 3افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے،درجنوں مکانات تباہ ، کئی مویشی ہلاک وزخمی، علاقہ میں شدید خوف وہراس ، تتہ پانی ہجیرہ اور تتہ پانی بٹل مدارپور روڈ بند، زخمیوں کو ہسپتالوں میں پہنچانے اور مسافروں کو سخت دشواری کا سامنا، عوامی حلقوں کی بھارتی فوج کی جارحیت کی بھرپور مذمتپاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ مبصرین سے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کے روز بعد دوپہر بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے نزدیکی پونچھ سیکٹر کے سویلین آبادی والے علاقوں بٹل ، منڈہول ، جھاوڑہ، رکڑ دھر مسال کو نشانہ بنایا ،منڈہول مواڑہ ناطر مینڈلہ کو بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سید ذاکر حسین شاہ کے گھر کے صحن میں گولہ گرنے سے اُن کی اہلیہ کلثوم بیگم اور بیٹی آمنہ موقع پر شہید ہوگئیں ، اُنکا بیٹانزاکت شاہ بھی شدید زخمی ہوگیا، جسے کوٹلی ہسپتال پہنچایا گیا،جبکہ بٹل چوکی کا رہائشی چوہدری محمد اشفاق ولد چوہدری جلال حسین بھی گولہ باری کی زد میں آکر شہید ہوگیا،گولہ باری سے محمد رشید ولد مندو خان ساکن منڈہول، رابعہ زوجہ محمد حسیب ساکن بٹل سمیت دیگر متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ، درجنوں مکانات تباہ اور مویشیوں کے ہلاک وزخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، علاقہ میں شدید خوف وہراس پایا جاتاہے،بھارتی فوج کی گولہ باری کے باعث تتہ پانی ہجیرہ اور تتہ پانی بٹل مدارپور روڈ بند ہوگئی ہے،آخری اطلاعات تک بھارتی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا، ادھر پاک فوج کی جانب سے بھی موثر جوابی کاروائی کی گئی ہے، دریں اثناء آزادکشمیرکے سابق وزیر حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی بھی بھارتی فوج کی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں جاپہنچے ، اُنھوں نے شہداء کے ورثاء سے دلی ہمددری کا اظہار کیا، اس موقع پر اُنھوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کی پرزور مذمت کی اور اقوام متحدہ وعالمی برداری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ بھارت کنٹرول لائن پر جارحیت سے باز رہے۔

(جاری ہے)

دو روز قبل بھارتی فوج کی فائرنگ سے اسی علاقے میں پاکستانی فوجی جوان حوالدار امام بخش سکنہ سرگودھا اور سپاہی ساجد سکنہ وادی نیلم شہید ہو گئے تھے۔ جبکہ 5شہری عبدل قادرسائیں مجید سائیں سفیر عباس سکنہ بٹل اور خاتون ساجدہ دھرمسال زخمی اور 12مکانات تباہ ہوئے تھے ۔پاک فوج کی جانب سے بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ۔دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی وجہ سے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر اقوام متحدہ کے مبصرین سے احتجاج ریکار ڈ کرایا ہے ۔

ادھردفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری اور ایل او سی کی 183 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہاکہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی اڑتیس مرتبہ خلاف ورزی کی گئی۔ان خلاف ورزیوں میں کئی شہری شہید اور کئی زخمی ۔ترجمان نے کہاکہ گذشتہ روز بھارت کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی دو خواتین انتقال کر گئیں۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرویشن گروپ کو شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق منگل کی شام 7بجکر 55 منٹ پر شاہردہ سیکٹر میں بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔پاکستانی مسلح افواج دشمن کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔