سموگ ، ملک میں کول پاور منصوبوں پر تلوار لٹکنے لگی،آئندہ توانائی بحران پید ا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا

بدھ 9 نومبر 2016 11:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9نومبر۔2016ء) ملک میں حالیہ سموگ کی وجہ سے ملک میں بنائے جانے والے کول پاور منصوبوں پر تلوار لٹکنے لگی ہے جس کی وجہ سے ملک میں آئندہ توانائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے تھرکول سے مختلف پاور منصوبون پر کام شروع کیا ہوا ہے اور اس سلسلے میں دو منصوبے پنجاب میں بھی لگائے گئے ہیں جس کا مقصد توانائی بحران پر قابو پانا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ سموگ کی وجہ سے کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے کیونکہ کول سے چلنے والے تمام پاور پلانٹ کافی مقدارمیں دھواں خارج کرتے ہیں جس سے آئندہ آنے والے سالوں میں سموگ پورے پنجاب میں پھیل جائے گی جس سے کئی بیماریاں بھی جنم لیں گی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ بجلی کول پر ہی پیدا کرتا ہے اور پیرس میں ہونے والی موسمی تبدیلی کے حوالے سے کانفرنس میں ڈویلپمنٹ ملکوں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ کول کے استعمال کو کم کرکے ماحول کو صاف ستھرا بنانے میں کردار اداکریں گے کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی شرکت کی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈویلپمنٹ ممالک ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں بارے عملی اقدامات کریں اور کوشش کریں کہ انرجی کے متبادل ذرائع حاصل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک پر کئی ہزار میگاواٹ کول پاور منصوبے لگائے جارہے ہیں لیکن عالمی دنیا کو اس پر بھی کافی تشویش ہے کہ کول کی بجائے دیگر ریسورسز استعمال کریں ۔ ذرائع کے مطابق تھر پاور منصوبے پر حکومت کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کرنے کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ عین ممکن ہے کہ حکومت کو کول پاور منصوبے ترک کرنا پڑیں اور حالیہ سموگ کے بعد یہ خدشات بڑھ گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :