خبرلیک تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس،وزیرداخلہ نے بریفنگ دی

اجلاس جسٹس عامر رضا کی سربراہی میں ہوا ،چوہدری نثار، ڈائریکٹر ایف آئی اے ،آئی ایس آئی ،ایم آئی اور آئی بی کے نمائندوں کی شرکت خبر کے متن کا جائزہ لیا گیا،سرل المینڈا کا بیان ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار پر لائحہ عمل طے،سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ

جمعہ 11 نومبر 2016 11:25

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء ) خبر لیک تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور ڈاریکٹر ایف آئی اے سمیت آئی ایس آئی ، ملٹری انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کے ایک ایک رکن نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر داخلہ نے تحقیقاتی کمیٹی کو خبر لیک معاملے کی اب تک کی انکوائری سے آگاہ کیا ، تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز خبر لیک کمیٹی کا پہلا اجلاس جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ، اجلاس میں انگریزی اخبار ڈان کی متنازعہ خبر کے متن کا جائزہ لیا گیا اور صحافی سرل المینڈا کا بیان ریکارڈ کرنے کے طریقہ کار پر لائحہ عمل طے کیا گیا ، اجلاس میں سابق وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا بیان بھی ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، سیکرٹری اسٹبلشمنٹ طاہر شہباز اور ڈائریکٹر محتسب پنجاب نجم سعید بھی اجلاس میں شریک ہوئے ، اجلاس میں اہم حکومتی شخصیات اور سرکاری افسران کے بیان بھی قلمبند کیے گئے ، مشیر قانون نے تحقیقاتی کمیٹی کو اب تک کی گئی انکوائری سے متعلق آگاہ کیا ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی کمیٹی کو بریفنگ دی اور اب تک کی انکوائری سے متعلق آگاہ کیا ، وزیر داخلہ نے متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ بھی تحقیقاتی کمیٹی کو دئیے ، وزیر داخلہ نے بریفنگ تحقیقاتی کمیٹی کی درخواست پر دی ، کمیٹی 30 دن میں معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ وزیر داخلہ کو دینے کی پابند ہے ، وزیر داخلہ کمیٹی کی رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کو ارسال کریں گے ۔