بدعنوانی تمام ترقی پذیر ملکوں بالخصوص ایشیائی ملکوں کیلئے بڑی لعنت ہے، قمر زمان چوہدری

پاکستان اور چین کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط اہم پیشرفت ہے،چیئرمین قومی احتساب بیورو کی چین کے نائب وزیر خارجہ امور سے گفتگو

جمعہ 11 نومبر 2016 11:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام ترقی پذیر ملکوں بالخصوص شرح نمو اور معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ایشیائی ملکوں کیلئے بڑی لعنت ہے جس سے معاشی ترقی کو نقصان پہنچتا ہے، گذشتہ دو عشروں کے دوران بدعنوانی کے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے نائب وزیر برائے خارجہ امور لیو ژن من سے بیجنگ میں ملاقات میں کیا، ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان بدعنوانی کے خاتمہ سے متعلق امور میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ بدعنوانی تمام ترقی پذیر ملکوں بالخصوص شرح نمو اور معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ایشیائی ملکوں کیلئے بڑی لعنت ہے جس سے معاشی ترقی کو نقصان پہنچتا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ دو عشروں کے دوران بدعنوانی کے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکو ں کے درمیان بدعنوانی کے خاتمہ سے متعلق امور میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے تناظر کے علاوہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کو شفاف اور بد عنوانی سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور اس سے دونوں ممالک بدعنوانی کے خاتمہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائیں گے اور اس سے دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔

چین کے نائب وزیر برائے خارجہ امور لیو ژن من نے دونوں ملکوں کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کو اجاگر کیا اور مستقبل میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے چین میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا جہاں بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :