لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم کے بیٹے علی موسی گیلانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعہ 11 نومبر 2016 11:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء )لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم کے بیٹے علی موسی گیلانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاجسٹس شمس محمود مرزا نے علی موسی گیلانی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ نے گزشتہ ساڑھے چار سال سے علی موسی گیلانی کا نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے، عدالت میں یقین دہانی پر وزارت داخلہ نے علی موسی گیلانی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی اور علی موسی گیلانی یقین دہانی کے مطابق بیرون ملک سے اپنے معمولات زندگی نمٹانے کے بعد واپس پاکستان آ گئے جو درخواست گزار کی نیک نیتی کو ثابت کرتا ہے، علی موسی کیخلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس زیر ٹرائل ہے جس کا فیصلہ نہیں ہو رہا، اس کیس کو جواز بنا کر درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے، وزارت داخلہ کی طرف سے سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اگر درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا تو یہ بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں جس سے کیس کا ٹرائل متاثر ہوگا، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اگر علی موسی گیلانی نے فرار ہونا ہوتا تو پہلے ہی بیرون ملک جا کر واپس نہ آتے، عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

متعلقہ عنوان :