مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجیوں نے تین کشمیری نوجوان شہید کر دیئے

حملے میں بھارتی فوج کا لیفٹیننٹ کرنل زخمی

ہفتہ 12 نومبر 2016 11:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12نومبر۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ میں تین اورکشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اوڑی میں ٹورنارامپور کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک لیفٹنٹ کرنل ارون کمار زخمی ہو گیاتھا ۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان عسکریت پسند تھے۔دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے آج یوم استقلال کے سلسلے میں جامع مسجد سرینگر کی طرف مارچ روکنے کے لیے سرینگر کے مختلف علاقوں میں کرفیو اور دیگر پابندیوں عائد کر دی ہیں۔حریت رہنماسید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ،محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنما مسلسل گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند ہیں۔ ادھر بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں پر امن مطاہرین پر بھارتی فورسز کے وحشیانہ تشدد سے بیسیوں افراد زخمی ہو گئے۔