ایم کیو ایم پاکستان اور پرویز مشرف کے ایک ہونے کے امکانات روشن

شہر قائد میں متحدہ قومی جرگہ پاکستان کے نام سے بینر آویزاں کردیئے گئے

منگل 15 نومبر 2016 11:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2016ء) ایم کیو ایم پاکستان اور پرویز مشرف کے ایک ہونے کے امکانات روشن ہوگئے،شہر قائد میں متحدہ قومی جرگہ پاکستان کے نام سے بینر آویزاں کردیئے گئے۔کراچی پریس کلب کے باہر ایک بار پھر نئے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں اس بار بینرز متحدہ قومی جرگہ نام سے آویزاں کئے گئے۔لگائے جانے والے بینر پر سابق صدر پرویز مشرف اور فاروق ستار دونوں کی تصاویر موجود ہیں، جبکہ بینرز پر "جاگ مہاجرجاگ" کانعرہ درج کیا گیا ہے۔

بینر پر ایک اور نعرہ درج ہے جس میں لکھاہے ’اب کون بچائے کا پاکستان۔متحدہ پاکستان اور مشرف بھائی جان ‘۔ بینرز نوید شاہ نورانی کوآرڈینیٹر متحدہ جرگہ پاکستان کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔یاد رہے کہ ان دنوں یہ افواہ سرگرم ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی قیادت سنبھالنے جارہے ہیں لیکن سابق صدر اس سے انکار کر چکے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان نے بھی اس خبر کی تردید کی ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے بھی پرویز مشرف سے دبئی میں ملاقات کی جس کے بعد یہ افواہ حقیقت میں بدلتی نظر آرہی ہے۔خواجہ اظہار کی سابق صدر سے ملاقات کے بعد سندھ کے شہری علاقوں میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف کراچی اور حیدرآباد میں وال چاکنگ کردی گئی، نامعلوم افراد کی جانب سے دیواروں پر پرویز مشرف نامنظور کے نعرے درج کئے گئے۔